پاکستان میں رمضان المبارک کا چاند نظر نہیں آیا ،پہلا روزہ 7مئی کو ہوگا

ْ ملک بھر سے چاند کی شرعی رویت کے حوالے سے کوئی شہادت موصول نہیں ہوئی ، مفتی منیب الرحمن

اتوار 5 مئی 2019 21:25

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 مئی2019ء) مرکزی رویت ہلال کمیٹی پاکستان کے چیئرمین مفتی منیب الرحمن نے اعلان کیا ہے کہ آج رمضان المبارک کا چاند نظرنہیں آیا ،پہلا روزہ منگل 7مئی2019؁ء کو ہوگا ۔دریں اثناء اتوار کو مرکزی رویت ہلال کمیٹی پاکستان کا اجلاس مفتی منیب الرحمن کی زیرِ صدارت دفتر محکمہٴ موسمیات(میٹ کمپلیکس)،موسمیات چورنگی ،یونیورسٹی روڈ ، کراچی میں منعقدہوا۔

اجلاس میںمرکزی رویت ہلال کمیٹی کے ارکان قاری محمد حنیف جالندھری، مولانا محمد یاسین ظفر،مولاناسید عبدالخبیر آزاد،علامہ افتخار حسین نقوی،مولانا ڈاکٹر عبدالرشید الازہری،مولانا میاں عنایت الرحمن ،مفتی محمدعارف سعیدی ،مولانا اخوندزادہ سید عبدالمبین شاہ بخاری،مولانا محمد ظفر سعیدی، مولاناعبدالمالک بروہی،مولانا سید خالد محمود ندیم،مولانا حافظ عبیداللہ پنہوار،علامہ پیر سید شاہد علی شاہ جیلانی،مولانا عبدالعزیز اشعر، مولانا محبوب علی سہتو،آغا گوہر علی،غلام مرتضیٰ ،ڈپٹی چیف منیجر اسپیس سائنس ( سپارکو)، ارکان زونل رویتِ ہلال کمیٹی کراچی میں مولانا حافظ محمد سلفی،قاری نذیراحمدنعیمی، مولانا صابر نورانی، علامہ علی کرار نقوی،مولانا قاری محمد اقبال، ڈائرکٹر جنرل وفاقی وزارتِ مذہبی اُمور نورسلام شاہ نے رابطہٴ کار اور اہتمام کے فرائض انجام دیئے اورچیف میٹرولوجسٹ محکمہٴ موسمیات عبدالرشید نے فنی معاونت کی اوراجلاس کے لیے سہولت فراہم کی ۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ ملک بھر میں زونل رویتِ ہلال کمیٹیوں کے اجلاس ان کے متعلقہ ہیڈ کوارٹرپر منعقد ہوئے ۔ملک بھر میں کہیں سے چاند نظر آنے کی شہادت موصول نہیں ہوئیں، محکمہٴ موسمیات کے تقریباً50مراکز ، تمام زونل کمیٹیوں اور جامعة الرشید شعبہٴ فلکیات کے تقریباً57مراکز سے عدم رویت کی اطلاعات موصول ہوئیں ، آج ملک بھر میں بعض جگہ مطلع ابر آلود تھا اور کہیں مطلع صاف تھا،لیکن کہیں سے کوئی شہادت موصول نہیں ہوئی ،لہٰذا اتفاق رائے سے فیصلہ کیا گیاکہ یکم رمضان المبارک 1440؁ھ منگل 07مئی2019؁ء کو ہوگا۔

مرکزی کمیٹی نے ہر سال کی طرح دیگر شہادتیں جمع کرنے کے بعد حتمی اعلان کیا۔ چاند دیکھنے کے لیے جدید سائنسی ٹیلی اسکوپس سے مدد لی گئی۔چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مفتی منیب الرحمان نے رمضان المبارک کے چاند نظر نہ آنے کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ ملک بھر سے چاند کی شرعی رویت کے حوالے سے کوئی شہادت موصول نہیں ہوئی ، ملک کے کسی حصے میں چاند نظر نہیں آیا لہذا پہلا روزہ 7 مئی کو ہوگا۔