تاجر جائز منافع اوررزق حلال کمانے کا عزم کر کے رمضان المبارک کااحترام کریں‘طاہرالقادری

حکومت رمضان میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے خاتمے، ناجائز منافع خوری کی روک تھام کیلئے اقدامات کرے‘قائد منہاج القرآن

پیر 6 مئی 2019 18:57

تاجر جائز منافع اوررزق حلال کمانے کا عزم کر کے رمضان المبارک کااحترام ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 مئی2019ء) قائد تحریک منہاج القرآن و سربراہ پاکستان عوامی تحریک ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے اسلامیان پاکستان اور امت مسلمہ کو رمضان المبارک کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ اہل ایمان رمضان المبارک کا ایمانی جوش و خروش کے ساتھ استقبال کریں،دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ ہم سب کو توفیق دے کہ ہم رمضان المبارک کی جملہ برکتوں ،رحمتوں، نعمتوں اور سعادتوں سے اپنے ظاہر و باطن کو مالا مال کرسکیں، رمضان المبارک اللہ کریم کا مہمان مہینہ ہے، امت مسلمہ سے صبر و استقامت، ایثار اور تقویٰ کا متقاضی ہے، اللہ کو راضی کرنے اور مغفرت کی ان انمول گھڑیوں سے امت محمدیہ زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھائے۔

ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ رمضان المبارک بھائی چارے کے فروغ اور اسلامی ثقافت کے پرچار کا مہینہ ہے، یہی ماہ مقدس ہے جو امت مسلمہ کو اتحاد، یکجہتی، صبر و ایثارکا درس دیتا ہے، معاشرے کے پسے اور مفلوک الحال طبقات کو مشکلات سے نجات دلانے کوشش کرنا بھی رمضان المبارک کے مقاصدمیں سے اہم ترین ہے، اسلام لوگوں کی مدد کرنے اور مواخات کے عظیم رویوں کو اپنانے کا درس دیتا ہے، معاشرے سے غربت، افلاس، بھوک، انتہا پسندی اور دہشت گردی کے خاتمے کیلئے سعی کرنا ہرمسلمان پر فرض ہے۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر طاہرالقادری نے اپنے پیغام میں کہا کہ رمضان المبارک میں اللہ تعالیٰ سے فضل و رحم کی دعائیں مانگیں۔ انہوں نے کہا کہ باطنی تطہیر اور صفائے قلب کے لیے روزہ بہترین عمل ہے۔تاجروں، دکانداروں کو چاہیے کہ وہ جائز منافع اور رزق حلال کمانے کا عزم کر کے رمضانالمبارک کا احترام کریں اور اللہ کی رحمتوں اور برکتوں کا خود کو مستحق ٹھہرائیں، حکومت کو چاہیے کہ وہ غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے خاتمے ،ناجائز منافع خوری کی روک تھام کیلئے اقدامات کرے اور روزہ داروں کو ریلیف دے تاکہ وہ یکسوئی سے عبادت کر سکیں، ناخوشگوار واقعات سے نمٹنے کیلئے سحرو افطار میں مساجد ،عبادت گاہوں کو فول پروف سکیورٹی مہیا کی جائے۔