مدارس اب وزارت تعلیم کیساتھ منسلک ہونگے،تعلیمی معیار بہتر کرنے کی کوشش کرینگے، شفقت محمود

آئندہ تمام مدارس وزارت تعلیم کیساتھ رجسٹریشن کرانے کے پابند ہونگے، رجسٹریشن نہ کرانیوالے اور قواعد وضوابط کی خلاف ورزی کرنیوالے مدارس کو بند کردیا جائیگا ،قومی نصاب ترتیب دے رہے ہیں تمام سکولوں کیلئے ایک ہی نصاب ہوگا ،تمام ادارے اس بارے ہمارے ساتھ ہونگے، وفاقی وزیر تعلیم

منگل 7 مئی 2019 00:05

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 مئی2019ء) وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہا ہے کہ مدارس اب وزارت تعلیم کیساتھ منسلک ہوں گے،مدارس کی تعلیم کے معیار بہتر کرنے کی کوشش کریں گے ، آئندہ تمام مدارس وزارت تعلیم کیساتھ رجسٹریشن کرانے کے پابند ہونگے، رجسٹریشن نہ کرانے والے اور قواعد وضوابط کی خلاف ورزی کرنیوالے مدارس کو بند کردیا جائیگا ،قومی نصاب ترتیب دے رہے ہیں تمام سکولوں کیلئے ایک ہی نصاب ہوگا ،حکومت پاکستان کے تمام ادارے اس حوالے سے ہمارے ساتھ ہوں گے۔

پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہا کہ مدارس اب وزارت تعلیم کیساتھ منسلک ہوں گے،مدارس کی تعلیم کے معیار بہتر کرنے کی کوشش کریں گے ،اس سلسلے میں علاقائی مراکز کھولے جائیں گے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آج وفاق المداس کے نمائندوں سے ملاقات کی ہے جن میں مفتی منیب الرحمن، حفیظ جالندھری ،قاضی نیاز نقوی اور وفاق الدارس کے دیگر علما شامل تھے ان سے کچھ باتیں طے ہوگئی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آئندہ تمام مدارس وزارت تعلیم کیساتھ رجسٹریشن کرانے کے پابند ہوںگے،وزارت تعلیم مدارس کو رجسٹر کرنے کیلئے ملک میں دس ریجنل دفاتر کھولے گی ۔ انہوں نے کہا کہ مدارس کی رجسٹریشن قواعدوضوابط کے تحت ہوگی اور رجسٹرڈ نہ ہونیوالے مدارس کو حکومت بند کرنے کی مجاز ہوگی اس کے ساتھ ساتھ خلاف ورزی کرنیوالے مدارس کی رجسٹریشن منسوخ کردی جائیگی۔

انہوں نے کہا کہ قواعد و ضوابط کا ایک باقاعدہ فارم تیار کیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر ضرورت پڑی تو حکومت مدارس کی ہر طرح سے معاونت کرے گی۔انہوں نے کہاکہ تمام مدارس کے بینک اکاونٹس کھلیں گے وفاقی حکومت اس سلسلے میں مدد فراہم کریگی ۔ انہوں نے کہاکہ حکومت مدارس میں فنی تربیت کابھی اجراء کریگی ۔انہوں نے کہاکہ مدارس کا یہ انتظام وفاقی وزارت تعلیم کے ساتھ ہوا ہے،اٹھارویں ترمیم کے ساتھ اس کا کوئی تعلق نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ قومی نصاب ترتیب دے رہے ہیں تمام سکولوں کیلئے ایک ہی نصاب ہوگا ۔حکومت پاکستان کے تمام ادارے اس حوالے سے ہمارے ساتھ ہوں گے۔