مذہبی اسکالر نہیں مگر رمضان میں ٹی وی پروگرام کرنے سے مذہب کو سیکھا‘احسن خان

مسلمان ہونے کے ناطے کسی مذہبی عالم سے اسلام سے متعلق سوال کرنے کے حق سے کوئی محروم نہیں رکھ سکتا

منگل 7 مئی 2019 13:52

مذہبی اسکالر نہیں مگر رمضان میں ٹی وی پروگرام کرنے سے مذہب کو سیکھا‘احسن ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 مئی2019ء) اداکار و میزبان احسن خان نے اعتراف کیا ہے کہ وہ مذہبی عالم نہیں، وہ خود کو مذہب کا طالب علم سمجھتے ہیں اور ٹی وی پر رمضان سے متعلق پروگرام کرنے سے انہوں نے مذہب کو سیکھا ہے۔انہوں نے اس بات کی بھی تصدیق کی کہ وہ رمضان المبارک میں نجی ٹی وی پر ’’رمضان پاکستان‘‘نامی پروگرام کرتے دکھائی دیں گے۔

احسن خان نے حال ہی میں پنجاب اسمبلی کی جانب سے رمضان نشریات کے پروگراموں کی میزبانی شوبز شخصیات سے نہ کرانے سے متعلق منظور کی گئی قرارداد کے تناظر میں بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک مسلمان ہیں اور مسلمان ہونے کے ناطے انہیں کسی مذہبی عالم سے اسلام سے متعلق سوال کرنے کے حق سے کوئی محروم نہیں رکھ سکتا۔ٹی وی میزبان کے مطابق وہ رمضان المبارک میں پروگرام کے دوران علمائے کرام سے مذہب سے متعلق سوال کرتے ہیں اور انہیں اس سے محروم کرنے کا حق کسی کو نہیں۔

(جاری ہے)

ساتھ ہی اداکار نے اعتراف کیا کہ وہ گزشتہ پانچ سال سے رمضان المبارک میں پروگرام کرتے آ رہے ہیں اور اس پروگرام کی وجہ سے ان کی زندگی میں اچھی تبدیلیاں رونما ہوئی ہیں۔احسن خان کے مطابق انہوں نے اس پروگرام کے ذریعے علمائے اکرام سے کیے جانے سوالات اور ان کے جوابات سے مذہب کو سیکھا ہے۔اداکار کے مطابق علمائے کرام کو ٹی وی پر دکھانا انتہائی اہم ہے اور ان کے مولانا طارق جمیل، مولانا کوکب نورانی، ڈاکٹر میمونہ مرتضیٰ ملک اور مولانا عمران بشیر جیسی شخصیات سے انتہائی اچھے تعلقات ہیں۔

احسن خان نے ان علمائے کرام کو اپنا استاد قرار دیا اور کہا کہ انہوں نے ان سے بہت کچھ سیکھا ہے۔ایک سوال کے جواب میں احسن خان کا کہنا تھا کہ وہ یہ دعوی نہیں کرتے کہ وہ مذہبی عالم ہیں اور انہوں نے اپنے پروگرام کے ذریعے مذہب سے متعلق بہت کچھ سیکھا ہے، کیوں کہ وہ خود کو طالب علم سمجھتے ہیں۔