یو ایس ایڈ میرٹ اینڈ نیڈ بیس، کاروان علم فائونڈیشن لاہور پاکستان کے تحت قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی کے 18طلباء وطالبات میں سکالرشپ کے چیک تقسیم

منگل 7 مئی 2019 14:21

گلگت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 مئی2019ء) قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی میں یو ایس ایڈ میرٹ اینڈ نیڈ بیس اور کاروان علم فائونڈیشن لاہور پاکستان کے تحت 18طلباء وطالبات کے درمیان سکالرشپ کے چیک تقسیم کیاگیا۔ تقسیم چیک کے حوالے سے منعقدہ تقریب میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عطاء اللہ شاہ نے طلباء وطالبات میں یوایس ایڈ اور کاروان علم فائونڈیشن سکالر شپ کے چیک تقسیم کئے ۔

تقریب میں ڈین فیکلٹی آف سوشل سائنسز ڈاکٹر محمدرمضان ، ڈائریکٹر جنرل کوارڈنیشن میر تعظیم اختر نے چیک تقسیم کرنے میں وائس چانسلر کی معاونت کی۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ سکالرشپ کمیٹی کے انچار چ سعید احمد بھی موجود تھے ۔ قراقرم یونیورسٹی کے وائس چانسلر نے سکالر شپ حاصل کرنے والے طلباء و طالبات سے اظہار خیال کرتے ہوئے کہاکہ سکالر شپ دینے کا مقصد طلباء کو ملک و قوم کے لیے مفید انسان کے طور پر تیار کرناہے جو تعلیم وتحقیق میں نمایاں مقام حاصل کریں اور ملکی ترقی میں اپنا حصہ ڈال سکیں۔

(جاری ہے)

وائس چانسلر نے کہاکہ سکالر شپ دینا،اعلیٰ تعلیم وتحقیق کے مواقع فراہم کرنا اور دیگر سہولیات کا مقصد بہترین انسان بنانا ہے ، طلباء اپنا وقت مثبت سرگرمیوں میں صرف کریں اور تعلیم وتحقیق کی طرف توجہ دیں۔ موجودہ دور میں تعلیمی اخراجات کے پیش نظر تعلیم کو جاری رکھنا مشکل نہیں رہا ہے بلکہ تعلیمی اخراجات کو پوراکرنے کے لیے مختلف ادارے وظیفے دے رہے ہیں جن کا صحیح استعمال ہمارا اخلاقی فرض بھی ہے۔