شہرقائد کے مختلف علاقوں میں رمضان المبارک کے پہلے روزہی بجلی غائب، شہریوں نے اندھیرے میں سحری کی

منگل 7 مئی 2019 14:46

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 مئی2019ء) شہرقائد کے مختلف علاقوں میں رمضان المبارک کے پہلے روز بجلی غائب رہی جس کے باعث شہریوں نے اندھیرے میں سحری کی۔تفصیلات کے مطابق ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی میں سحری کے اوقات میں بجلی غائب رہی، جس کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

(جاری ہے)

نارتھ ناظم آباد، لیاقت آباد، حسن اسکوائر، موسی کالونی، شاہ فیصل کالونی، شادمان، بفرزون، نارتھ کراچی، نصرت بھٹو کالونی، کاٹھور اور گڈاپ ناگوری سوسائٹی سمیت شہر کے مختلف علاقے بجلی نہ ہونے کے باعث اندھیرے میں ڈوبے رہے جہاں شہریوں نے اندھیرے میں رمضان المبارک کی پہلی سحری کی۔

ترجمان کے الیکٹرک کے مطابق ملیر بھر میں بجلی کی فراہمی رات بھر معمول کے مطابق جاری رہی، جبکہ نارتھ ناظم آباد، لیاقت آباد اور گلبہار سمیت ضلع وسطی کے علاقوں میں بھی بجلی کی لوڈشیڈنگ نہیں ہوئی۔ترجمان نے بتایاکہ علاقائی فالٹس کی درستگی کے لیے کے الیکٹرک کا عملہ 24 گھنٹے موجود ہے۔