بین الاقوامی مرکزمیں جرمن لینگویج کورس17جون سے شروع ہوگا

ماہرین وڈیو کانفرنس اور ویبینار ٹیکنالوجی کے ذریعے لیکچر دینگے،بین الاقوامی مرکز جامعہ کراچی کا اعلان

منگل 7 مئی 2019 17:18

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 مئی2019ء) بین الاقوامی مرکز برائے کیمیائی و حیاتیاتی علوم(آئی سی سی بی ایس) جامعہ کراچی کے تحت جرمن لینگویج کورس17جون سے لطیف ابراہیم جمال نیشنل سائنس انفارمیشن سینٹر، جامعہ کراچی میں شروع ہوگا۔

(جاری ہے)

آئی سی سی بی ایس، جامعہ کراچی کے ایک سینئر آفیشل نے پیرکو کہا ہے کہ اس کورس کا مقصد طالب علموں کاجرمن زبان سے ہم آہنگی پیدا کرنا ہے، ویبینار ٹیکنالوجی کا بھی استعمال کیا جائے گا جس کے تحت چند طالب علم گھر بیٹھے اس کورس میں شرکت کرسکیں گے، ماہرین وڈیو کانفرنس کے ذریعے لیکچر دینگے۔

انھوں نے کہا کہ ا س کورس کا مقصد ایسے طالب علموں کو جو بیرونِ ملک حیاتیاتی، کیمیائی اور سماجی علوم میں ڈگری کے حصول کے لئے کوشاں ہیں جرمن سماج اور زبان و ثقافت و سیاست سے کسی حدتک ہم آہنگ کرنا ہے، انھوں نے کہا یہ کورس17جون سے شروع ہوگا جو چارمہینے تک جاری رہے گا جبکہ متعلقہ کورس میں رجسٹریشن کی آخری تاریخ12جون ہے، آفیشل کے مطابق کورس کے متعلق تفصیلات آئی سی سی ایس کی ویب سائٹ پر دیکھی جاسکتی ہیں۔