سپریم کورٹ نے ا لخیر یونیو رسٹی کی ڈگریوں کو ایچ ای سی سے تصدیق کرانے کا حکم جاری کردیا

اگر کسی ڈگری کی تصدیق غلط ہوئی تو ایچ ای سی کے خلاف قانونی کارروائی ہوگی، سپریم کورٹ

منگل 7 مئی 2019 17:19

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 مئی2019ء) سپریم کورٹ نے الخیر یونیورسٹی کی ڈگریوں کے حوالے سے کیس میں تمام ڈگریوں کو ایچ ای سی سے تصدیق کرانے کا حکم جاری کرتے ہوئے مزید سماعت ملتوی کر دی ہے اور کہا ہے کہ اگر کسی ڈگری کی تصدیق غلط ہوئی تو ایچ ای سی کے خلاف قانونی کارروائی ہوگی، عد الت اس معاملے میںسب کے تخفظات سن کرفیصلہ کرے گی، یہ امر واضح ہے کہ ایچ ای سی سے تصدیق شدہ ڈگری قابلِ قبول ورنہ مسترد تصور ہو گی۔

پیرکو جسٹس شیخ عظمت سعید کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے کیس کی سماعت کی۔ اس موقع پرایچ ای سی کے ڈی جی نے عدالت کوآگاہ کیاکہ وفاقی حکومت نے 2002 ء میں الخیر یونیورسٹی کی منظوری دی تھی۔ جسٹس عظمت سعید نے کہاکہ بتایا جائے حکومت نے کس قانون کے تحت ا لخیر یونیورسٹی کی منظوری دی تھی جس کی ڈگریوں کامسئلہ آج تک چل رہا ہے جس پرڈی جی نے بتایاکہ حکومت کی جانب سے سیکشن 10 کے تحت یونیورسٹی کی منظوری دی گئی تھی تاہم الخیر یونیورسٹی کے بھمبر کیمپس کو ایچ ای سی کی گائیڈ لائینز کے تحت رجسٹریشن دی گئی تھی لیکن بعد میں مختلف عوامی شکایات کی بنیاد پر ا یچ ای سی نے بھمبر کیمپس کوبند کردیا تھا تاہم 2011ء میں دوبارہ معائنہ کرنے کے بعد کمپس کو اجازت دی گئی، جسٹس شیخ عظمت سعید نے ان سے کہاکہ ایسا ہی معاملہ پریسٹن یونیورسٹی کوہاٹ کا بھی ہے جس پر ڈی جی ایچ ای سی نے عدالت کوآگاہ کیاکہ پریسٹن یونیورسٹی کوہاٹ کیمپس پر گزشتہ تین سال سے پابندی عائد ہے۔

(جاری ہے)

فاضل جج نے ان سے کہاکہ گزشتہ سماعت کے دوران ایچ ای سی نے کہا تھا کہ یونیورسٹی کا انفراسٹرکچر اور دستیاب سہولیات کی بنیاد پر یونیورسٹی کی رجسٹریشن کی گئی تھی،سوال یہ ہے کہ جب کوئی طالب علم پڑھے گا گوجرانوالہ یا کسی اور شہر میں تو وہ بھمبر سے کیسے ڈگری لے سکتا ہے ، سماعت کے دوران جسٹس فائز عیسٰی کاکہناتھا کہ اگر ڈگریاں ایچ ای سی تصدیق کرلیتا ہے تو ٹھیک ورنہ جعلی تصور ہوں گی، جبکہ درخواست گزار کے وکیل نے عدالت سے کہاکہ 31 اگست 2018 ء کو ایچ ای سی نے کہا کہ 2009 ء تک الخیر یونیورسٹی کی تمام ڈگریاں تصدیق شدہ ہیں تاہم اس میں آن لائن سسٹم نہیں ، توڈی جی ایچ ای سی نے ان سے کہاکہ ہمارا ڈگریوں کی تصدیق کا سسٹم آن لائن ہے، جن کے ڈگریوں کے مسائل ہیں وہ آن لائن اپلائی کر سکتے ہیں، بعدازاں عدالت نے تمام ڈگریوں کو ایچ ای سی سے تصدیق کرانے کا حکم جاری کرتے ہوئے مزیدسماعت غیرمعینہ مدت تک ملتوی کردی اورواضح کیاکہ جو ڈگری ایچ ای سی سے تصدیق ہو گی وہی قابلِ قبول ہو گی باقی مسترد ہوں گی۔

متعلقہ عنوان :