سندھ یونیورسٹی جامشورو کے ہوسٹل طلباء کی فوری طبی امداد کیلئے ڈسپنسری، مطالعے کیلئے ریڈنگ ہال اور امن و امان کی صورتحال کو مزید بہتر بنانے کے لیے سی سی ٹی وی نصب

منگل 7 مئی 2019 18:25

حیدر آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 مئی2019ء) شیخ الجامعہ سندھ جامشورو کی جانب سے متعارف کرائی گئی اصلاحات کی کڑی کے طور پر بوائز ہاسٹلز میں مقیم طلباء کو فوری طبی امداد فراہم کرنے کیلئے ڈسپنسری، مطالعے کیلئے ریڈنگ ہال اور امن و امان کی صورتحال کو مزید بہتر بنانے کے لیے سی سی ٹی وی نصب کیے گئے ہیں، جن کا افتتاح وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر فتح محمد برفت نے کمشنر حیدرآباد ڈویژن غلام عباس بلوچ، سینیٹر عاجز دھامراہ، ڈپٹی کمشنر جامشورو فرید الدین مصطفی اور ایس ایس پی جامشورو توقیر محمد نعیم کی موجودگی میں ربن کاٹ کر کیا۔

اس موقع پر تقریب کو خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر فتح محمد برفت نے کہا کہ ہاسٹلز کی حالت سدھارنے اور امن و امان کی صورتحال کو مزید مؤثر بنانے کیلئے ڈجیٹل نظام متعارف کرایا جا رہا ہے، جس کیلئے ہاسٹلز میں سی سی ٹی وی کیمرے نصب کرکے ان کا کنٹرول روم پرووسٹ آفس میں قائم کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ انہیں کسی کی مخالفت کی پرواہ نہیں ہے۔

وہ کام کرنا چاہتے ہیں اور طلباء کے ساتھ ملکر تعلیمی خدمات جاری رکھتے ہوئے متعارف کرائی گئی اصلاحات پر عملدرآمد کو یقنیی بنائیں گے ڈاکٹر برفت نے کہا کہ جنوری 2017ء میں بطور وی سی جامعہ سندھ جوائن کرنے کے بعد بڑے چیلنجز درپیش تھے۔ مختلف حادثات میں 4 طلباء لقمہ اجل بن گئے، جس کے بعد ہم نے جامعہ کے سامنے انڈس ہائی وی پر اسپیڈ بریکر بنائے، نتیجے میں ابھی تک کوئی بڑا حادثہ رونما نہیں ہوا انہوں نے کہا کہ موسم گرما کی تعطیلات کے دوران تمام ہاسٹلز کو رنگ و روغن کرایا جائے گا اور یونیورسٹی کھلنے کے بعد طلباء کو صاف ستھرا رہائشی ماحول فراہم کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ان کے دور میں جامعہ سندھ کے اندر کسی بھی طالب علم کو کبھی پولیس یا رینجرز اہلکار نے ہاتھ بھی نہیں لگایا، انہیں دوستانہ ماحول فراہم کیا گیا ہے۔ جب تک طلباء ساتھ ہونگے، یونیورسٹی کی خدمت جاری رکھوں گا۔ وائس چانسلر نے کہا ہاسٹلز کے رنگ و روغن اور مرمت کیلئے کو ئی خصوصی بجٹ موجود نہیں ہے، بلکہ اپنے طور پر کوشش کرکے ہاسٹلز کو ٹھیک کر رہے ہیںانہوں نے کمشنر و ڈپٹی کمشنر کو مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ وہ ہاسٹلز میں مقیم 5 ہزار طلباء کو بہترین سہولیات کی فراہمی کیلئے یونیورسٹی انتظامیہ کی جانب سے جاری کوششوں میں مدد کریں انہوں نے کہا کہ جب یونیورسٹی کے تمام اسٹیک ہولڈرز ملکر کام نہیں کریں گے تب تک عرصہ دراز سے موجود مسائل حل نہیں ہو سکیں گے اختلاف رائے رکھا جا سکتا ہے، لیکن آپس میں لڑنے والی سیاست سے اجتناب کیا جائے کمشنر حیدرآباد غلام عباس بلوچ نے کہا کہ سندھ سے ہم سب پیار کرتے ہیں، جبکہ جامعہ سندھ بھی ہماری سندھ کا عظیم تعلیمی ادارہ ہے، اس سے بھی محبت کرنا ہوگی انہوں نے کہا سندھ کا حق ادا کرنے کیلئے جامعہ سندھ کی تعلیم و ترقی کو فروغ دلانے والی یونیورسٹی انتظامیہ کی کوششوں میں ہاتھ بٹانا ہوگاانہوں نے کہا کہ جو طلباء محنت سے نہیں پڑھتے، ان کا تعلیم حاصل کرکے ڈگری لینے کے بعد کوئی بھی مستقبل نہیں ہے بہتر مستقبل کیلئے محنت کرنا ہوگی انہوں نے کہا سکھر میں بطور کمشنر تعیناتی کے دوران کئی بار آئی بی اے سکھر جانا ہوا، جو کہ شاندار ادارہ ہے، لیکن ڈاکٹر برفت کی لائی گئی اصلاحات کو دیکھ کر لگتا ہے کہ جلد ہی سندھ یونیورسٹی بھی آئی بی اے کی طرح ترقی کرے گی انہوں نے کہا کہ جس قدر ممکن ہو سکا وہ جامعہ سندھ کی بہتری کیلئے کوششوں کا ساتھ دیکر انتظامیہ کی مدد کریں گے۔

تقریب کو ڈپٹی کمشنر جامشورو فرید الدین مصطفی، ایس ایس پی جامشورو توقیر محمد نعیم، ہاسٹل پرووسٹ غلام ثاقب برڑو و دیگر نے بھی خطاب کیا تقریب میں رجسٹرار غلام محمد بھٹو، فوکل پرسن سندھ یونیورسٹی ٹھٹھہ کیمپس ڈاکٹر سرفراز حسین سولنگی و دیگر اساتذہ، افسران، ملازمین و طلباء کی بڑی تعداد میں موجود تھی۔