پاکستان نیشنل ہارٹ ایسو سی ایشن (پناہ) کے سینئر فزیشن فورم کی اہم میٹنگ

منگل 7 مئی 2019 19:00

چکوال ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 مئی2019ء) پاکستان نیشنل ہارٹ ایسو سی ایشن (پناہ) کے سینئر فزیشن فورم کی میٹنگ فلش مین ہوٹل راولپنڈی میں میجر جنرل مسعود الرحمن کیانی کی سر براہی میں منعقد ہوئی جس میں راولپنڈی اور اسلام آباد کے سینئر ڈاکٹرز نے شرکت کی۔ صدر پناہ میجر جنرل مسعود الرحمن کیانی نے تمام شرکاء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ میں آپ سب کا بہت مشکور ہوں کہ آپ اپنا قیمتی وقت نکال کر تشریف لائے اور آپ نے ہمیشہ پناہ کے جائز موقف کی تائید کی جیسا کہ آپ کو معلوم ہے کہ پناہ پچھلے ۵۳ سالوں سے پاکستان میں دل کی بیماریوں کے خلاف جہاد کر رہی ہے اور دل کی بیماریوں کی ایک بڑی وجہ تمباکو نوشی ہے۔

پناہ تمباکو نوشی کی روک تھام کے لیے کوشش کر رہی ہے تاکہ دل کی بیماریوںکے ساتھ ساتھ اوربہت سی بیماریوںپر بھی قابو پایا جاسکے۔

(جاری ہے)

لیفٹیننٹ جنرل (ر) مصطفی کمال اکبرنے کہاکہ WHO کی رپورٹ کے مطابق پاکستان میں سا لانہ تقریبا- 1لاکھ 75 ہزار لوگ تمباکو نوشی کی وجہ سے مر رہے ہیں یعنی ہر تین منٹ بعد ایک موت ہو رہی ہے۔پاکستان میں روزانہ تقریباً5000 لوگ تمباکو نوشی کے مضر اثرات کی وجہ سے ہسپتال میں داخل ہور ہے ہیں اور تقریبا1200 بچے روزانہ تمباکو نوشی شروع کر رہے ہیں۔

میجرجنرل (ر) محمد اشرف خان نے کہاکہ پاکستان دنیا کے ان چند ممالک میں سے ہے جن میں سگریٹ کے ریٹ سب سے کم ہیں۔ایک سروے کے مطابق سگریٹ مہنگا کرنے سے اس کے استعمال میں خاطرخواہ کمی آتی ہے۔ سب ڈاکٹروں نے سگریٹ نوشی کے نقصانات پر سیر حاصل گفتگو کی اور حکومت پر زور دیا کہ تمباکو نوشی کے استعمال کو روکنے کے لئے ہر ممکن اقدام اُُٹھایا جائے۔

جنرل سیکریٹری پناہ، ثناء اللہ گھمن نے کہاکہ پناہ نے لوگوں میں تمباکو نوشی کے مضر اثرات کے مطلق آگاہی فراہم کرنے اور لوگوں کو اس لعنت سے دور رکھنے لے لیے بھر پور مہم چلائی اور انٹرنیشنل معاہدہ ایف سی ٹی پر مکمل عمل درآمد کروانے کے لئے عدالت گورنمنٹ آف پاکستان کو سفارشات دے چکی ہے ، قومی اسمبلی کی فنائس کمیٹی سے بھی گورنمنٹ کو سفارشات گئی ہیں اور سپیشل کمیٹی آف سینٹ بھی گورنمنٹ آف پاکستان کو اپنی سفارشات بھجوا چکی ہے۔

میری حکومت پاکستان سے درخواست ہے کہ تھرڈ ٹیئر کو تمباکو ٹیکس اصلاحات میں سے ختم کیا جائے اور سگریٹ کو مہنگا کیا جائے۔ ڈاکٹر عبدالقیوم اعوان کی طرف سے ایک قرارداد پیش کی گئی کہ ہم حکومت پاکستان سے اپیل کرتے ہیں کہ سگریٹ مہنگے کئے جائیں تاکہ لوگوں اور خاص طور پر نوجوان بچوں کو تمباکو نوشی کے مضر اثرات سے بچایا جاسکے۔