Live Updates

پنجاب اور خیبرپختونخوا کیلئے پیش کردہ نیا بلدیاتی نظام خوش آئند ہے ،سید مصطفی کمال

شہروں کے میئر کا انتخاب براہِ راست عوام کے ووٹ سے ہونا چاہیے ،چیئرمین پاک سرزمین پارٹی

منگل 7 مئی 2019 19:19

پنجاب اور خیبرپختونخوا کیلئے پیش کردہ نیا بلدیاتی نظام خوش آئند ہے ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 مئی2019ء) پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفی کمال نے وزیراعظم عمران خان کی جانب سے پنجاب اور خیبرپختونخوا کیلئے پیش کردہ نئے بلدیاتی نظام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ تمام مطالبات پاک سرزمین پارٹی پہلے روز سے کر رہی ہے کہ مضبوط بلدیاتی نظام کے بغیر ملک ترقی نہیں کر سکتا اور شہروں کے میئر کا انتخاب براہِ راست عوام کے ووٹ سے ہونا چاہیے جو مکمل طور پر با اختیار ہو، مزید شہروں میں ٹیکسز وصول کرنے کا اختیار بھی بلدیاتی نمائندوں کے پاس ہونا چاہیے، دو روز قبل ہی ہم نے یہ مطالبہ اپنے جنرل ورکرز کنونشن میں کیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ ہم شروع سے کہتے آرہے ہیں کہ چھوٹے انتظامی یونٹس میں ہی عوام کے مسائل بہتر انداز میں حل ہو سکتے ہیں لیکن حکومت ہمارا سب سے اہم نکتہ بھول گئی جو کہ ڈسٹرکٹ کیڈر کا ہے کیونکہ میئر اس کے بغیر افسران کی پوسٹنگ اور ٹرانسفر کیلئے صوبائی حکومت پر منحصر ہوتا ہے اور قابلِ اعتماد افسران کے بجائے تعاون نہ کرنے والے افسران سے سمجھوتا کرنے پر مجبور ہوتا ہے جو کہ نظام کی خرابی کی سب سے بڑی وجہ ہے، شہر کے میئر کو پرفارمینس کی بنیاد پر سزا اور جزا کا اختیار ہونا چاہیے۔

(جاری ہے)

سید مصطفی کمال نے مزید کہا کہ وزیراعظم کی اس پریس کانفرنس کے بعد سندھ اور بلوچستان کی عوام میں احساس محرومی بڑھا ہے کیونکہ وزیراعظم نے دو صوبوں میں نیا بلدیاتی نظام متعارف کروا دیا لیکن سندھ اور بلوچستان کے وزیر اعلی سے ملاقات کر کے ان صوبوں میں اس کا اطلاق نہیں کرایا جبکہ وہ پورے ملک کے وزیراعظم ہیں، اسی لیے پاک سرزمین پارٹی یہ مطالبہ کرتی ہے کہ قومی اسمبلی میں تمام صوبوں کی نشتیں برابر ہونی چاہیے تاکہ وزیراعظم تمام صوبوں پر یکساں توجہ دے اور ملک مسائل سے نکل کر ترقی کی راہ پر گامزن ہو سکے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات