Live Updates

قومی وطن پارٹی نے وزیراعظم کے 18ترمیم بارے بیان کو مسترد کردیا

حکمرانوں نے 18ویں ترمیم کیخلاف منظم سازش شروع کر رکھی ہے لیکن اسے ختم کرنے کے خواب دیکھنے والے احمقوں کی جنت میں رہتے ہیں،آفتاب احمد خان شیرپائو

منگل 7 مئی 2019 22:10

قومی وطن پارٹی نے وزیراعظم کے 18ترمیم بارے بیان کو مسترد کردیا
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 07 مئی2019ء) قومی وطن پارٹی کے چیئرمین آفتاب احمد خان شیرپائو نے وزیراعظم عمران خان کے 18ترمیم بارے دیئے گئے بیان کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت18ویں ترمیم سے نہیں بلکہ پی ٹی آئی کی غلط اقتصادی اورمعاشی پالیسیوں کی وجہ سے دیوالیہ ہوئی۔اپنے ایک بیان میں انھوں نے کہا کہ 18ویں ترمیم کے خلاف حکمرانوں نے ایک منظم سازش شروع کر رکھی ہے لیکن اس کو ختم کرنے کے خواب دیکھنے والے احمقوں کی جنت میں رہتے ہیںکیونکہ اس میں ملک کے تمام سیاسی جماعتوں کا حصہ ہے اور اس کو ختم کرنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔

انھوں نے کہا کہ 18ویں ترمیم کے نتیجے میں صوبائی خود مختاری کا خواب شرمندہ تعبیر ہوا۔انھوں نے کہا کہ اگر18ویں ترمیم کو چھیڑنے کی کوشش کی گئی توان کی جماعت ایسے اقدام کی بھرپور مزاحمت کرے گی۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ حکومت اپنی ناکامیوں پر پردہ ڈالنے کیلئے ایسے شوشے چھوڑ رہی ہے تاکہ قوم کی توجہ اصل مسائل سے ہٹا کر نان ایشوزمیں الجھا یا جائے۔

انھوں نے کہا کہ حکومت کی معاشی پالیسی ساز ملک کی معیشت کو سنبھالہ دینے کی بجائے بجلی ،گیس،ادویات اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ کردیا ہے جس کی وجہ سے نہ صرف عام آدمی بلکہ مڈل کلاس طبقہ کی قوت خرید بھی جواب دے گئی اور وہ بھی غربت کی لکیر سے نیچے چلے گئے ۔انھوں نے کہا کہ غریب عوام پہلے ہی اپنے بچوں کیلئے دو وقت کی روٹی کے حصول کیلئے ترس رہے ہیں جبکہ وفاقی حکومت گرانی کو کنٹرول کرنے کے بجائے بار با ر وفاقی کابینہ میں ردوبدل کررہی ہے جس سے مہنگائی میں کمی نہیں آئے گی ۔

انھوں نے مجوزہ بلدیاتی نظام پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ اس سے قبل پی ٹی آئی کی قیادت خیبرپختونخوا میں متعارف کرائے گئے بلدیاتی نظام کی خوبیاں بیان کرتے نہیں تکتی لیکن اب نئے نظام کے گھن گا رہے ہیں اور کہا جارہا ہے کہ اب پیسوں کی کوئی کمی نہیں ہوگی جیسا کہ پہلے لوکل کونسل کیلئے پیسے نہیں تھے۔ انھوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کو اب نئے مجوزہ بلدیاتی نظام میں کوئی خرابی نظر نہیں آرہی لیکن بعدمیں یہ بھی پچھلے نظام کی طرح معیوب نکلے گا۔انھوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کے سربراہ کی پچھلی حکومتوں پر تنقید کرنے کے سوا کوئی کارکردگی نہیں لہٰذا وہ دوسروں پر تنقید کرنے سے پہلے اپنی حکومت کی نو ماہ کی کارکردگی دکھائے ۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات