لاہور، یو ای ٹی کے زیر انتظام ایلومینائی ڈنر کا انعقاد

جامعہ میں عمرہال کی تعمیر کیلئے ایلومینائز ایسوسی ایشن کافنڈزدینے کا اعلان

منگل 7 مئی 2019 23:29

لاہور ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 مئی2019ء) یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی لاہور کے زیر انتظام عمر ہال کی تعمیر و مرمت کے سلسلے میں ایلومینائی ڈنر کا انعقاد کیا گیا۔تقریب میں وائس چانسلر یو ای ٹی لاہور پروفیسر ڈاکٹر عزیز اکبر سمیت تمام ڈیپارٹمنٹس کے چیئر مین ،ڈینز،چیئر مین پاکستان انجینئرنگ کونسل انجینئر جاوید سلیم قریشی،چیئرمین لیسکومجاہد پرویز چٹھا،ڈاکٹر احمد بلال ، حامد سعید اور نامور ایلومینائیزنے شرکت کی ۔

وائس چانسلر یو ای ٹی پروفیسر ڈاکٹر عزیز اکبر نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہائیر ایجوکیشن کی جانب سے گرانٹ میں کمی اور وسائل کے نا ہونے کی وجہ سے یو ای ٹی کا قدیم عمرہال زبوں حالی کا شکارہے اب جامعہ کے ایلومینائی کو آگے آنا ہو گا اور اس کی تعمیر و مرمت میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا ہو گا۔

(جاری ہے)

عمر ہال کی تعمیر میں پونے دو کروڑ کا تخمینہ لگایا گیا ہے جسے ایلومینائی کی مدد سے پورا کرناہو گا۔

ایلومینائز نے ہال کی تعمیرکی مد میںفنڈزدینے کا اعلان کردیا ہے۔ ہال کی تعمیر پرپونے دو کروڑ روپے لاگت آئے گی جبکہ ایلومینائز ہال کی تعمیر کیلئے خطیر رقم دیں گے اور تمام اخراجات برداشت کریں گے۔ تفصیلات کے مطابق گذشتہ کئی سالوں سے جامعہ ہذا کے عمرہال کی تعمیر کا معاملہ محدود وسائل کے باعث کٹھائی میں پڑا تھا، یونیورسٹی کی ایلومینائی ایسوسی ایشن نے طلبہ کو سہولت دینے کیلئے اس معاملے کو بھانپا اور ہال کی تعمیر کا بیڑا اٹھا لیا۔

ایسوسی ایشن نے انتظامیہ کو ہال کی تعمیر کیلئے بھرپور مدد کی یقین دہانی بھی کرائی اور فنڈز دینے کا وعدہ بھی کیا۔یو ای ٹی کے وائس چانسلرپروفیسر ڈاکٹر عزیز اکبرنے ایلومینائی ایسوسی ایشن کے اس جذبے کو سراہا اور ان کی کوششوں کو خراج تحسین بھی پیش کیا۔تقریب کے اختتام میں روایتی میس کا کھانا جس میں دال روٹی اور چاول سے مہمانوں کی تواضع کی گئی۔کھانے کے بعد تمام طالب علموں نے ہال کا دورہ کیا اور اپنے سابق کمروں کے سامنے یادگاری تصاویراور سیلفیز بنوائیں۔