پشاور، سابق سینیٹر حاجی محمد غفران کی اشیائے ضروریہ کے نرخوں میں ہوشربا اضافہ پر تشویش کا اظہار

بدھ 8 مئی 2019 23:21

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 08 مئی2019ء) قومی وطن پارٹی خیبر پختونخوا کے آرگنائزر سابقہ سینیٹر حاجی محمد غفران نے اشیائے ضروریہ کے نرخوں میں ہوشربا اضافہ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت کی غلط پالیسیوں کی بدولت عام آدمی کا جینا مشکل ہو گیا ہے۔انھوں نے کہا کہ قومی وطن پارٹی ہوشربا مہنگائی کے خلاف ماہ صیام کے فوراً بعدصوبہ بھر میں احتجاجی تحریک شروع کرے گی ۔

اپنے ایک بیان میں انھوں نے کہا کہ ضرورت کی مختلف اشیا کی قیمتوں میں بے تحاشا اضافہ سے غریب عوام مہنگائی کی چکی میں پس رہے ہیں اور ان کی قوت خریدجواب دے گئی ہے۔انھوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کو عوام نے تبدیلی کے نام پر ووٹ دیا جبکہ حکمرانوں کے پاس عوا م کو ریلیف دینے کیلئے کو ئی معاشی پلان نہیں ۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ حکومت نے مختلف ٹیکسوں،تیل مصنوعات ،بجلی و گیس کی قیمتوں میں ناروااضافہ کرکے اپنے انتخابی وعدوں کے برعکس اقدامات اٹھاکر یوٹرن لیا۔

انھوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں حکمرانوں کے غریب دشمن اقدامات کی بدولت عوام دو وقت کی روٹی کیلئے ترس رہے ہیں جبکہ حکمران ان کو ریلیف دینے کی بجائے اچھا وقت آنے کے بہانے پر مزید ٹرخا رہے ہیں۔انھوں نے کہا کہ حکومت کے غلط اور غیر منصفانہ اقدامات کی بدولت غریب عوام کے صبر کا پیمانہ لبریز ہو چکا ہے اوروہ ہوشربا مہنگائی اور جعلی حکمرانوں سے نجات پانے کیلئے جلدقومی وطن پارٹی کے کارکنوں کے ساتھ سڑکوں پر نکلیں گے۔انھوں نے کہا کہ قومی وطن پارٹی صوبے اور پختونوں کے حقوق کے حصول ،ہوشربا مہنگائی اور غریب عوام کودرپیش مسائل و مشکلات کے خاتمے کیلئے ہرفورم اور ہر محاذپر اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔