جعلی اکاﺅنٹس کیس :آصف علی زرداری اور فریال تالپورکیخلاف سماعت 21 مئی تک ملتوی

ساق صدر کو نیب نے بھی طلب کررکھا ہے‘سیکورٹی کے سخت انتظامات‘پارٹی کارکنا ن اور غیرمتعلقہ افراد کے احاط عدالت میں داخلے پر پابندی

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعرات 9 مئی 2019 11:32

جعلی اکاﺅنٹس کیس :آصف علی زرداری اور فریال تالپورکیخلاف سماعت 21 مئی ..
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔09 مئی۔2019ء) سابق صدر اور پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زردرای نے نجی کمپنیوں کو غیر قانونی ٹھیکے دینے کے کیس میں تفتیش سے متعلق قومی احتساب بیورو (نیب) کے سامنے پیشی کے لیے مہلت مانگ لی ہے. آصف زردرای کے وکیل فاروق ایچ نائیک نے نیب کو مہلت کے لیے درخواست بھجوائی ہے جس میں آصف زداری کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ احتساب عدالت میں پیشی کی وجہ سے نیب کے سامنے پیش نہیں ہو سکتے.کمپنی کیس میں سابق صدرآصف زرداری نیب آفس میں پیش نہیں ہو ناتھا تاہم احتساب عدالت میں پیشی کی وجہ سے آصف زرداری نے نیب میں پیشی سے معذرت کرتے ہوئے نیب سے 15 روز کی مہلت مانگ لی ہے .

(جاری ہے)

آصف زرداری نے تحریری طور پر درخواست نیب کو بھجوائی ، جس میں کہا احتساب عدالت میں مصروف ہوں پیش نہیں ہو سکتا‘زرداری کا خط نیب حکام نے وصول کر لیاہے جبکہ آصف زرداری نے نیب کودی گئی درخواست احتساب عدالت میں پیش کیں. قبل ازیں آصف علی زرداری اور ان کی ہمشیرہ فریال تالپور جعلی اکاﺅنٹس کیس میں اسلام آباد کی احتساب عدالت میں پیش ہوئے، اس موقع پر سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے.

عدالت کے باہر صحافیوں نے ان سے سوال کیا کہ ایک اور کیس آپ کے خلاف کھولا گیا ہے؟ جس پر سابق صدر نے مسکراتے ہوئے جواب دیا کہ الحمداللہ، الحمداللہ، برکت ہے. آصف زرداری سے سوال کیا گیا کہ کوئی خطرہ محسوس کر رہے ہیں، جس پر انہوں نے کہا کہ یہ رمضان کی برکتیں ہیں‘سابق صدر سے سوال کیا گیا کہ عید کہاں گزاریں گے؟ جس پر انہوں نے کہا کہ جہاں جج کرنے دیں گے.

16 اپریل 2019 کو اسلام آباد کی احتساب عدالت نے جعلی اکاﺅنٹس کیس میں پیش نہ ہونے والے 2 ملزمان کے قابل ضمانت اور ایک ملزم کے ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کیے تھے. اس کے علاوہ احتساب عدالت کے جج محمد ارشد ملک نے بزنس ٹائکون ملک ریاض کے داماد زین ملک اور دیگر ملزم شہزاد کی حفاطتی ضمانت کے لیے پیش کیے جانے والے 10 لاکھ روپے کے سیکورٹی بانڈز منظور کرلیے.

علاوہ ازیں عدالت نے اشتہائی ملزم عدنان جاوید کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری اور بیرون ملک فرار ہونے والے اعظم وزیر اور ناصر لوتھا کی ٹریول ہسٹری طلب کی تھی. گذشتہ روز نیب راولپنڈی نے جعلی اکاﺅنٹس کیس میں 5واں ریفرنس دائر کیا تھا جس میں اومنی گروپ کے عبدالمجید غنی، سابق سیکرٹری سندھ اعجاز احمد خان اور دیگر 11 افراد کو نامزد کیا گیا ہے.

ریفرنس میں نامزد عبدالغنی مجید، مناہل مجید اور سیکرٹری اعجاز خان کے علاوہ دیگر ملزمان میں علی اکبر ابڑو، اعجازاحمد میمن، اطہر نواز درانی، عندالحلیم میمن، محمد فرخ خان، محمد رمضان، محمد صدیق سلیمانی، ذیشان حسن یوسف اور نجی ٹھیکیدار ہارش شامل ہے.  دوران سماعت آصف زرداری کے وکیل فاروق ایچ نائیک نے کہا ریفرنس کی کاپیاں بنی ہیں کہ نہیں، جس پر نیب پراسیکیوٹر نے بتایا آفس میں جمع کرا دی گئی ہیں ، تفتیشی افسر علی احمد ابڑو سر پر چوٹ لگنے کی وجہ سے پیش نہیں ہوئے.

جج ارشد ملک نے کہا ریفرنس کی کاپیاں ملزموں کو فراہم کی جائیں تو نیب پراسیکیوٹر کا کہنا تھا 28 کاپیاں تیار ہوئی ہیں باقی کی تیاری کے لئے وقت درکار ہے. وکیل صفائی نے بتایا اقبال خان نوری دوسرے ریفرنس میں گرفتار ہیں، زین ملک بون میرو کے مرض میں مبتلا ہیں حاضری سے استثنی دیا جائے، عدالت نے زین ملک کی آج کی حاضری سے استثنی کی درخواست منظور کر لی.

نیب پراسکیوٹر کا کہنا تھا ملزم اعظم وزیر ملک سے باہر ہیں انٹر پول کے زریعے رابطہ کیا ہے وکیل صفائی نے کہا ناصر عبداللہ بھی ملک سے باہر ہیں. فاروق ایچ نائیک نے کہا فارن نیشنلٹی ہولڈر پر نیب کا قانون لاگو نہیں ہوتا، 2002 میں نیب کے قانون میں ترامیم کی گئی جس کے بعد فارن نینشل ہولڈر کو گرفتار نہیں کر سکتے 2002 سے پہلے نیب کے قانون میں ترمیم نہیں کی گئی تھی جس وجہ سے فارن نیشنلٹی ہولڈر کو گرفتار کیا جا سکتا تھا.

جج ارشد ملک نے کہا کہ فاروق ایچ نائیک کے پوائنٹ کو دیکھنا ہو گا جس پر نیب پراسکیوٹر نے بتایا ملزمان کا رول دیکھا جایے گا کہ ریفرنس میں ملزمان کا رول کتنا اہم ہے‘جج ارشد ملک نے استفسار کیا ریفرنس کی کاپیوں کی تیاری کب تک ممکن ہے جس کے جواب میں نیب پراسیکیوٹر نے کہا دس دن کا ٹائم درکار ہوگا. غیر حاضر ملزمان سے متعلق سوال پر عدالت نے پراسیکیوٹر نیب سے مکالمے میں کہا ایک ہی بندہ سارا کام کر رہا ہے آپکا ٹیم ورک نہیں ہے، پراسیکیوٹر نیب نے بتایا تفتیشی ہی پہلے بھی کیس دیکھ رہے تھے اب بھی انہی کو معلوم ہے.

جج ارشد ملک نے ریمارکس دیئے ایک بندہ کس طرح سے یہ سب کرے گا، بعد ازاں جعلی اکاﺅنٹس کیس کی سماعت 21 مئی تک ملتوی کردی. آصف زرداری کی طلبی پرسیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں ، احاطہ عدالت میں پیپلزپارٹی کارکنوں سمیت تمام غیرمتعلقہ افراد کا داخلہ ممنوع ہیں جبکہ اسلام آباد پولیس اور رینجرز کے اہلکار احتساب عدالت کی سیکورٹی پر مامور ہیں.

گذشتہ سماعت میں ایک اور ملزم شیرمحمد وعدہ معاف گواہ بننے کو تیار ہوگیا تھا اور عدالت نے سابق صدر آصف علی زرداری اور ان کی ہمشیرہ فریال تالپور کی عبوری ضمانت میں 9 مئی تک توسیع کرتے ہوئے آصف علی زرداری اور فریال تالپور کو 20، 20 لاکھ روپے کے مچلکے جمع کرانے کی ہدایت کی تھی. عدالت نے عبدالغنی مجید، انور مجید اور حسین لوائی کو پیش کرنے کا حکم بھی دیا تھا.

اس سے قبل عدالت نے 4 ملزمان کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے تھے، جن میں اقبال آرائیں ، اعظم وزیر ،عدنان جاوید اورنثارعبداللہ شامل تھے‘یاد رہے 8 اپریل کو جعلی بینک اکاﺅنٹس کیس میں سابق صدر آصف علی زرداری اور ان کی ہمشیرہ فریال تالپور اسلام آباد کی احتساب عدالت میں پیش ہوئے تھے. سماعت کے دوران 2 ملزمان کرن اور نورین نے عدالت سے گواہ بننے کی استدعا کی تھی ، خواتین کا موقف تھا کہ ہم گواہ تھے، ہمیں ملزمان کی فہرست میں شامل کردیا گیا، گواہی کے لیے چیئرمین نیب کو درخواست بھی دے رکھی ہے، ہم وکیل کے اخراجات برداشت نہیں کر سکتے.