پی ٹی اے ملک بھر میں موبائل فون ٹاورز کے حوالے سے قواعد کا خیال نہ رکھنے والی کمپنیوں کے خلاف تادیبی کارروائی کرے گی‘ خدمات کے معیار کو بہتر بنانے سے بھی صارفین کی مشکلات کو مدنظر رکھنا متعلقہ موبائل فون کمپنی کی ذمہ داری ہے

وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان کا قومی اسمبلی میں توجہ دلاو نوٹس کا جواب

جمعرات 9 مئی 2019 17:36

پی ٹی اے ملک بھر میں موبائل فون ٹاورز کے حوالے سے قواعد کا خیال نہ رکھنے ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 مئی2019ء) وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان نے کہا ہے کہ ملک بھر میں جن جن مقامات پر موبائل فون ٹاورز کے حوالے سے قواعد کا خیال نہیں رکھا گیا‘ پی ٹی اے ایسی کمپنیوں کے خلاف تادیبی کارروائی کرے گی‘ خدمات کے معیار کو بہتر بنانے سے بھی صارفین کی مشکلات کو مدنظر رکھنا متعلقہ موبائل فون کمپنی کی ذمہ داری ہے۔

جمعرات کو قومی اسمبلی میں ساجدہ بیگم کے موبائل فون ٹاورز کی کافی عرصہ سے دیکھ بھال نہ ہونے سے متعلق توجہ مبذول نوٹس کا جواب دیتے ہوئے وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان نے کہا کہ پی ٹی اے کے پاس جس جگہ بھی مسئلہ ہو ان کے خلاف شکایت کی جاسکتی ہے۔ اگر کہیں کسی مخصوص ٹاور میں مسئلہ ہو پی ٹی اے کو اطلاع دی جائے‘ حکومت اس حوالے سے اپنا کردار ادا کرے گی۔

(جاری ہے)

توجہ مبذول نوٹس میں وزیر مملکت علی محمد خان نے کہا کہ ٹاورز کی ریڈی ایشن کے ایشوز واقعی درست بات ہے۔ بہت سی ایسی جگہوں پر یہ ٹاورز لگائے گئے ہیں جہاں پر حفاظتی اقدامات کو مدنظر نہیں رکھا گیا۔ یہ بھی دیکھنے کی ضرورت ہے کہ کن کن کمپنیوں نے آبادی کے بیچ میں ٹاورز لگائے ہیں۔ حکومت کے علم میں یہ بات لائی جائے ہم اس کے خلاف نوٹس لیں گے۔

ایک سوال کے جواب میں علی محمد خان نے کہا کہ کرپشن بہت نچلی سطح تک چلی گئی ہے۔ بجلی جانے کی صورت میں نچلا عملہ جنریٹر کے لئے دیا جانے والا تیل خوردبرد کرتا ہے۔ کمپنی کو سروس بہتر بنانے کے لئے اس صورتحال کی مانیٹرنگ کرنی چاہیے۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ایبٹ آباد میں موبائل فون ٹاورز کے درمیانی فاصلے کے حوالے سے قوانین کو مدنظر نہیں رکھا گیا۔