اے این ایف پاکستان نے کارروائیوں کے دوران 17 کروڑ 47 لاکھ روپے کی 56.180 کلوگرام منشیات ضبط کر لی

جمعرات 9 مئی 2019 17:36

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 مئی2019ء) اے این ایف پاکستان نے 15 ملک گیر کارروائیوں کے دوران 17 کروڑ 47 لاکھ روپے بین الاقوامی مالیت کی 56.180 کلوگرام منشیات ضبط کر لی جبکہ منشیات کی اسمگلنگ میں ملوث 3 خواتین سمیت 16 ملزمان گرفتار اور 3 گاڑیاں قبضے میں لے لی گئیں۔برآمد شدہ منشیات میں 46.200 کلوگرام چرس، 7.650 کلوگرام ہیروئن، 3025 زیناکس (نشہ آور) گولیاںاور 1.940 کلوگرام ایمفیٹامائن(آئس ) شامل ہیں۔

اے این ایف راولپنڈی نے اسلام آباد انٹرنیشنل ائیرپورٹ سے ہنگو کے رہائشی خیال الرحمٰن کو گرفتار کر کے اس کی ٹرالی بیگ میں چھپائی گئی 5 کلوگرام چرس برآمد کر لی۔ دوسری کارروائی کے دوران، اے این ایف راولپنڈی نے کامرہ بس اڈا ، جی ٹی روڈ، اٹک کے قریب سے دیر بالا کے رہائشی طور جان کو گرفتار کر کے ملزم کے قبضے سے 6 کلوگرام چرس برآمد کر لی۔

(جاری ہے)

تیسری کارروائی کے دوران، اے این ایف راولپنڈی نے اسلام آباد میں کشمیر ہائی وے پر واقع گولڑہ موڑ کے قریب سے ایک ٹویوٹا کرولا کار کو قبضے میں لے کر اس میں چھپائی گئی 14.4 کلوگرام چرس برآمد کر لی۔ گاڑی میں موجود پشاور کے رہائشی امین خان کو موقع پر گرفتار کر لیا گیا۔ چوتھی کارروائی کے دوران، اے این ایف راولپنڈی نے ضلع اٹک ، تحصیل حسن ابدال میں واقع ایم ۔

1 موٹر وے ٹال پلازہ کے قریب سے پشاور کے رہائشی نیاز گُل نامی ایک ملزم کو گرفتار کر کے اس کے ذاتی قبضے سے 2.4 کلوگرام چرس برآمد کر لی۔ پانچویں کارروائی کے دوران، اے این ایف راولپنڈی نے لاہور کے رہائشی محمد علی اور اس کی خاتون ساتھی قصور کی رہائشی یاسمین بی بی کو ضلع اٹک، تحصیل حسن ابدال میں مین جی ٹی روڈ پر واقع حاجی شاہ بس اسٹاپ سے گرفتار کر کے ملزمان کے قبضے سے 3 کلوگرام چرس برآمد کر لی۔

چھٹی کارروائی کے دوران ، اے این ایف راولپنڈی نے پرواز نمبر SV-889 سے جدہ (سعودی عرب) روانہ ہونے والے سوات کے رہائشی سرفراز کو اسلام آباد انٹرنیشنل ائیرپورٹ سے گرفتار کر کے اس کے قبضے سے 850 گرام ایمفیٹا مائن (آئس) برآمد کر لی۔ اے این ایف پشاور نے نغمان پُل، چارسدہ روڈ، پشاور کے قریب سے چارسدہ کی رہائشی بدروجہ بیگم اور پشاور کی رہائشی جویریہ کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے 3 کلوگرام چرس برآمد کر لی۔

دوسری کارروائی کے دوران، اے این ایف پشاور نے پرواز نمبر EK-0637 سے دبئی روانہ ہونے والے ہنگو کے رہائشی محمد امین کو پشاور انٹرنیشنل ائیرپورٹ سے گرفتار کر کے اس کے بیگ میں چھپائی گئی 940 گرام ایمفیٹامائن برآمد کر لی۔ تیسری کارروائی کے دوران، اے این ایف پشاور نے مین موٹروے ٹول پلازہ ، پشاور کے قریب سے ایک ٹویوٹا ہائی ایس مسافر وین سے خیبر ایجنسی کے رہائشی شاہ اعظم کو گرفتار کر کے اس کے قبضے سے 2.4 کلوگرام چرس برآمد کر لی۔

چوتھی کارروائی کے دوران، اے این پشاور نے پرواز نمبر SV-795 سے جدہ روانہ ہونے والے پشاور کے رہائشی محمد گُل کو پشاور انٹرنیشنل ائیرپورٹ سے گرفتار کر کے ملزم کے سامان میں موجود 4 پلاسٹک کی بوتلوں سے 3025 زیناکس (نشہ آور) گولیاںبرآمد کر لیں۔ پانچویں کارروائی کے دوران، اے این ایف پشاور نے پشاور کے رہائشی خالد خان کو گرفتار کر کے اس کے ذاتی قبضے سے 4.2 کلوگرام چرس برآمد کر لی۔

اے این ایف کراچی نے کراچی کے علاقے گلشنِ معمار میں واقع چھتری پارک کے قریب سے کیچ (بلوچستان ) کے رہائشی شہ حق، شہ مرید اور شہ بلال کو گرفتار کر کے ملزمان کے قبضے سے 1 کلوگرام میتھ ایمفیٹامائن برآمد کر لی۔ دوسری کارروائی کے دوران، اے این ایف کراچی نے پرواز نمبر QR-661 سے قطر روانہ ہونے والے کرم ایجنسی کے رہائشی سید مرجان کو گرفتار کر کے اس کے سامان میں موجود آلاتِ موسیقی (طبلہ) میں چھپائے گئے 260 چرس بھرے کیپسول (1.9 کلوگرام)برآمد کر لئے۔

تیسری کارروائی کے دوران، اے این ایف کراچی نے خیبر ایجنسی کے رہائشی شیر رحمٰن کو کراچی سپر ہائی وے بس ٹرمینل کے قریب ایک مسافر بس سے گرفتار کر کے ملزم کے قبضے سے 7.65 کلوگرام ہیروئن برآمد کر لی۔ چوتھی کارروائی کے دوران، اے این ایف کراچی نے کراچی میں واقع سندھ اسمبلی بلڈنگ روڈ کے علاقے کبوتر چوک ، مین گیٹ کے قریب سے ایک آٹو رکشاء قبضے میں لے کر اس میں موجود 13.5 کلوگرام چرس برآمد کر لی جبکہ رکشے میں موجود پشاور کے رہائشی حبیب اللہ کو موقع سے گرفتار کر لیا گیا۔ تمام مقدمات اے این ایف کے متعلقہ تھانوں میں درج کر لئے گئے ہیں اور مزید تفتیش جاری ہے۔