Live Updates

پولیس، سلامتی کے اداروں اور بے گناہ انسانیت پر حملے کرنے والے اسلام اور پاکستان دشمن ہیں، متحدہ علماء بورڈ کا فتوی

جمعرات 9 مئی 2019 18:40

لاہور۔9 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 مئی2019ء) خود کش حملے، بم دھماکے، بے گناہ انسانیت کا قتل شریعت اسلامیہ میں حرام ہے، لاہور حضرت علی ہجویری ؒکے مزار کے باہر بم دھماکہ انسانیت دشمن عناصر کی کارروائی ہے، پاکستانی قوم دہشت گردی اور انتہاء پسندی کے خلاف افواج پاکستان اور ملک کے سلامتی کے اداروں کے شانہ بشانہ ہے، یہ بات متحدہ علماء بورڈ حکومت پنجاب کی طرف سے جاری کردہ تمام مکاتب فکر کے جید علماء و مشائخ کے بیان میں کہی گئی، چیئرمین حافظ محمد طاہر محمود اشرفی، کوارڈینیٹر ضیاء الحق نقشبندی، ڈاکٹر راغب نعیمی، علامہ محمد حسین اکبر، مولانا پروفیسر عبد الرحمن لدھیانوی، مولانا عبد الکریم ندیم، مولانا عبد الحق مجاہد، مولانا فضل الرحیم، مولانا افضل احیدری، مولانا مفتی محمد علی نقشبندی، مولانا ڈاکٹر سرفراز احمد اعوان، مولانا ظفر اللہ شفیق نے کہا کہ رمضان المبارک کے مقدس مہینہ میں پولیس کے جوانوں اور عوام الناس پر حملے کرنے والے انسانیت اور اسلام کے دشمن ہیں، لاہور میں ہونے والا دھماکہ اسلام اور پاکستان کے خلاف اسلام اور پاکستان دشمن قوتیں ملک میں انتشار پیدا کر نے کیلئے فرقہ وارانہ تشدد اور نفرتیں پھیلانا چاہتی ہیں، جسے پاکستان کی عوام، علماء اور سلامتی کے ادارے کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیں گے، متحدہ علماء بورڈ کی طرف سے جاری کردہ بیان میں تمام مکاتب فکر کے علماء نے پولیس، سلامتی کے اداروں اور بے گناہ عوام الناس پر خود کش حملوں کو حرام، خلاف شریعت اسلامیہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ رمضان المبارک کا احترام تو دور جاہلیت میں بھی کیا جاتا تھا، کفار اور مشرکین بھی رمضان المبارک کا احترام کرتے ہوئے قتل و قتال بند کر دیتے تھے، لاہور میں دھماکہ کرنے والوں کا اسلام، انسانیت اور پاکستان سے کوئی تعلق نہیں ہے۔

(جاری ہے)

متحدہ علماء بورڈ کے چیئرمین حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے بتلایا کہ متحدہ علماء بورڈ کا ہنگامی اجلاس طلب کیا ہے جس میں لاہور کے بم دھماکے سمیت اہم امور زیر غور لائے جائیں گے۔
Live رمضان المبارک سے متعلق تازہ ترین معلومات