ٴآئی ایم ایف کی شرائط ماننے سے جاری مہنگائی کی شدت میں مزید اضافہ ہو گا،سکندر حیات خان شیر پائو

جمعرات 9 مئی 2019 22:12

ٴآئی ایم ایف کی شرائط ماننے سے جاری مہنگائی کی شدت میں مزید اضافہ ہو ..
پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 09 مئی2019ء) قومی وطن پارٹی کے رہنماء سابق سینئر صوبائی وزیر سکندر حیات خان شیرپائونے کہا ہے کہ آئی ایم ایف کی شرائط ماننے سے جاری مہنگائی کی شدت میں مزید اضافہ ہو گا جس سے غریب عوام کی پریشانیاں بڑھے گی۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے شیخانو باڑی بند مندنی ضلع چارسدہ میں مکان کی چھت گرنے کے واقعہ میں جاں بحق افراد کے لواحقین سے تعزیت کے دو ران بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر انھوں نے سانحہ میں جاں بحق افراد کی مغفرت کیلئے دعا کی اور حکومت سے غریب متاثرہ خاندان کی بھرپور مالی معاونت کا مطالبہ کیا۔انھوں نے غم زدہ خاندان کو دلاسہ دیتے ہوئے کہا کہ افسوسناک واقعہ میں ماں اور دو بچوں سمیت چار افرادکے جاں بحق ہونے پر دلی رنج و غم اور افسوس ہوااور ہماری تمام تر ہمدردیاں غم زدہ خاندان کے ساتھ ہیں۔

(جاری ہے)

سکندر شیرپائو نے کہا کہ حکومت کی عوام دشمن پالیسیوں سے لگ ایسا رہا ہے کہ حکمرانوں نے غریب عوام کو اپنے ایجنڈے سے خارج کر دیا ہے اورحکمران دیگر مسائل کی طرح مہنگائی کے مسئلہ سے بھی غافل ہے اور اس کو کنٹرول کرنے کی بجائے آئی ایم ایف کی ایما پربجلی و گیس اور مختلف ٹیکسوں کے نفاذ کے ذریعے غریب آدمی کا جینا مشکل بنا رہی ہے۔انھوں نے کہا کہ عالمی مالیاتی ادارے اور حکومت کے مابین 700ارب کے نئے ٹیکس لگانے اور بجلی کی قیمتوں میں 2روپے فی یونٹ اضافہ کا سارا بوجھ عام آدمی پر پڑے گا اور وہ خودکشیوں پر مجبور ہو جائیں گے۔