حضرت علی ہجویریؒ کے مزار کے باہر خود کش حملہ پاکستان اور اہلِ اسلام پر حملہ ہے، متحدہ علماء بورڈ پنجاب

پولیس کے جوانوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔ جنہوں نے سینکڑوںجانوں کو محفوظ بنایا ہے / شہدائِ لاہور کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لئے کل ملک بھر میں دہشت گردی انتہاپسندی کے خلاف یومِ امن و سلامتی منایاجائے گا ڑ* دہشت گردی کو جہاد کہنا سب سے بڑی دہشت گردی ہے : متحدہ علماء بورڈ پنجاب ۷ متحدہ علماء بورڈ قومی ایکشن پلان پر مکمل عمل درآمد کروانے کے لیے حکومت سے ہر طرح سے تعاون کے لیے تیار ہیں

جمعرات 9 مئی 2019 23:12

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 09 مئی2019ء) حضرت علی ہجویریؒ کے مزار کے باہر خود کش حملہ پاکستان اور اہلِ اسلام پر حملہ ہے اسلام میں خود کش حملے بم دھماکے ، بے گناہ انسانیت کا قتل حرام ہے اور بے گناہ انسانیت کو قتل کرنے والے قرآن و حدیث کے احکامات کے مطابق ہمیشہ ہمیشہ کے لیے جہنم میں رہیں گے ۔ لاہور پولیس کے جوانوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔

جنہوں نے سینکڑوںجانوں کو محفوظ بنایا ہے ۔ کل ملک بھر میں دہشت گردی انتہاپسندی کے خلاف یومِ امن و سلامتی منایاجائے گا ۔اور شہدائِ لاہور کو خراجِ تحسین پیش کیا جائے گا۔ یہ بات متحدہ علماء بورڈ پنجاب کے تحت مختلف مکاتبِ فکر کے علماء و مشائخ نے سیرت سینٹر میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی متحدہ علماء بورڈ پنجاب کے چیئر مین حافظ محمد طاہر محمود اشرفی، کوآرڈینیٹر مولانا ضیاء الحق نقشبندی، علامہ زبیر احمد ظہیر ، علامہ محمد حسین اکبر ، مولانااسد اللہ فاروق، ڈاکٹر راغب حسین نعیمی ، علامہ عبد الحق مجاہد، علامہ زبیر احمد مولانا عبد الکریم ندیم ، پروفیسر ذاکر الرحمن صدیقی، مولانا عبد الرحمن لدھیانوی، مولانا زبیر زاہد ، مولانا اشفاق پتافی نے کہا کہ اسلام اور پاکستان دشمن قوتیں وطنِ عزیز پاکستان میں فرقہ وارانہ انتشار پیدا کرنا چاہتے ہیں ۔

(جاری ہے)

لاہور بم دھماکہ اسلام اور انسانیت اور پاکستان پر حملہ ہے ۔ حکومت کی طرف سے مدارس و مساجد علماء و مذہبی قائدین کے تحفظ کے لیے مزید مؤثر اقدامات کی ضرورت ہے۔اور متحدہ علماء بورڈ اس معاملہ میں رابطہ آفس کا کردار ادا کررہا ہے۔ رہنماؤں نے کہا کہ متحدہ علماء بورڈ نے 2015 سے مؤخر کیسز کوحل کیا ہے اور 30 مختلف کتابوں ، رسائل ، لٹریچر کو ضبط کرنے کی سفارش کی ہے ۔

راہنماؤں نے کہا کہ دہشت گردی کو جہاد کہنا سب سے بڑی دہشت گردی ہے ۔ متحدہ علماء بورڈ قومی ایکشن پلان پر مکمل عمل درآمد کروانے کے لیے حکومت سے ہر طرح سے تعاون کے لیے تیار ہیں۔ اور وفاقی حکومت سے مطالبہ کرتا ہے کہ قومی ایکشن پلان پر مکمل عمل درآمد کے لیے بلا تاخیر عمل درآمد کا آغاز کیا جائے۔ فوجی عدالتوں کو بحال کیا جائے۔حکومت اور حزبِ اختلاف قومی ایکشن پلان پر تصادم کی بجائے مفاہمتی رویہ اخیتار کرے اور قومی ایکشن پلان مکمل عمل کے لیے موجود رکاوٹوں کو ختم کیا جائے۔

ایک سوال کے جواب میں چیئر مین متحدہ علماء بورڈ پنجاب حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ آئندہ مدارس کی رجسٹریشن محکمہ تعلیم سے ہوگی اور مدارس کے متحانی بورڈز کا وزارت تعلیم سے اس سلسلہ میں معاہدہ ہوگیا ہے۔اور بہت جلد مدارس کے سلسلہ میں باقی امور بھی طے ہوجائیں گے۔