پائیدار امن و استحکام کے لئے دنیا بھر میں اقوام متحدہ کے امن مشنز کے ساتھ ساتھ سیاسی عمل کو بھی بروئے کار لانا چاہیے

اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ڈاکٹر ملیحہ لودھی کا سلامتی کونسل میں مباحثے کے دوران اظہار خیال

جمعہ 10 مئی 2019 11:00

اقوام متحدہ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 مئی2019ء) پاکستان نے کہا ہے کہ پائیدار امن و استحکام کے لئے دنیا بھر میں اقوام متحدہ کے امن مشنز کے ساتھ ساتھ سیاسی عمل کو بھی بروئے کار لانا چاہیے۔ اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں امن مشنز کی تربیت اور ان کی اسعتداد کار میں اضافے کے موضوع پر مباحثے کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے دنیا بھر میں تنازعات کا شکار علاقوں میں تعینات اقوام متحدہ کے امن مشنز بارے پختہ عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ عالمی ادارے کے امن مشنز میں سرگرمی سے شمولیت اس سے مکمل وابستگی اور اس کے چارٹر کے اصولوں پر مکمل یقین کا عملی اظہار ہے، اس وقت اقوام متحدہ کے امن مشنز کے تحت کام کرنے والے سکیورٹی اہلکاروں کی تعداد پانچ ہزار سے زیادہ ہے اور پاکستان کا شمار امن مشنز کے لئے افراد قوت فراہم کرنے والے بڑے ممالک میں ہوتا ہے۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ کے اولین امن مشن یونائیٹڈ نیشنز ملٹری آبزرور گروپ ان انڈیا اینڈ پاکستان کا میزبان بھی ہے جو مقبوضہ کشمیر میں کنٹرول لائن کی نگرانی کرتا ہے، یہ مشن مشکل حالات میں قابل قدر کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج کے دور میں تنازعات امن مشنز کے لئے نئے چیلنجز کا باعث ہیں، عام شہریوں کا تحفظ، امن عمل میں معاونت، امن کا قیام اور اس حوالے سے قومی استعداد کار اور اداروں کی استعداد میں اضافہ کرنا ان مشنز کے باہم مربوط پہلو ہیں۔

تعیناتی سے قبل امن دستوں کی ٹریننگ امن مشن کی کامیابی کے لئے اہم ہے۔ اس حوالے سے حکمت عملی کی تیاری میں متعلقہ علاقے کی صورتحال کو بھی مدنظر رکھا جائے اور اسے متعلقہ فریقوں کے ساتھ شیئر کیا جانا چاہیے، امن مشنز کے مینڈیٹ کو بتدریج تشکیل دیا جائے اور اس حوالے سے متعلقہ امن دستوں اور ان کے ممالک سے مشاورت جاری رکھی جائے۔امن مشنز سے حقیقت پسندانہ توقعات ہی وابستہ کی جائیں ، امن دستوں کے لئے افرادی قوت فراہم کرنے والے ممالک بہترین تربیت یافتہ افرادی قوت فراہم کریں اور دیگر متعلقہ فریق بھی اپنا کردار احسن ترین انداز میں ادا کریں۔

انہوں نے بتایا کہ پاکستان نے اس حوالے سے سینٹر آف انٹرنیشنل پیس اینڈ سٹیبلٹی کا قیام عمل میں لایا ہے اور امن دستوں کے لئے افرادی قوت کی فراہمی کے ساتھ ساتھ اس سینٹر کی خدمات فراہم کرنے کی بھی پیش کش کی ہے۔قبل ازیں اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوترش نے اپنے خطاب مین امن دستوں کی تربیت کی اہمیت کو اجاگر کیا۔