فخر زمان کو انگلینڈ سیریز اور ورلڈ کپ میں کامیاب ہونے کیلئے جارحانہ سٹائل ہی اپنانا ہو گا: رمیز راجہ

کیریئر کے اس موڑ پر اوپنر کا بیٹنگ ڈی این اے کو تبدیل کرنا انتہائی تشویشناک ہے :سابق کپتان

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعہ 10 مئی 2019 16:05

فخر زمان کو انگلینڈ سیریز اور ورلڈ کپ میں کامیاب ہونے کیلئے جارحانہ ..
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔10مئی 2019ء) سابق قومی کپتان رمیزراجہ کا کہنا ہے کہ اگر پاکستانی ٹیم کو انگلینڈ کیخلاف سیریز اور ورلڈ کپ میں کامیاب ہونا ہے تو اوپنر فخر زمان کو اپنا جارحانہ سٹائل ہی اپنانا ہو گا کیونکہ پہلے ون ڈے میں ان کے جلد آﺅٹ ہونے کی بڑی وجہ ان کی دفاعی حکمت عملی تھی حالانکہ ان کا قدرتی انداز جارحانہ ہے جس نے انہیں اس مقام تک پہنچایا ہے۔

ایک گفتگو میں رمیز راجہ کا کہنا تھا کہ فخر زمان جارحانہ انداز میں کھیل کر مخالف باﺅلرز پر اپنا دباﺅ قائم رکھنے کیلئے مشہور ہیں جس کی بدولت انہیں کامیابی ملی مگر اب یہ بات کافی حد تک تشویشناک ہے کہ وہ اچھی تکنیک سے کھیلنے کی کوشش کرتے ہوئے اپنے بیٹنگ ڈی این اے کو تبدیل کرنے میں مصروف ہیں۔ موجودہ دور کے بہترین کمنٹیٹر کا کہنا تھا کہ موثر اور مضبوط تکنیک سے کھیلنا بری بات نہیں لیکن کیریئر میں اتنی تاخیر سے تبدیلیوں کا فخر زمان کو نقصان ہی ہوگا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اوپنر کو مثبت انداز سے اپنا قدرتی کھیل پیش کرنا ہوگا کیونکہ یہی سٹائل ان کی کامیابی کی ضمانت ہے جس میں انہیں پاور ہٹنگ کا سہارا لینا پڑتا ہے۔ سابق کپتان کا کہنا تھا کہ فخر زمان کے پاس وہ گیم نہیں کہ دفاعی انداز سے زیادہ دیر تک کریز پر ٹکے رہ سکیں لہٰذا انہیں اپنی اہمیت کو سمجھتے ہوئے انگلش سیریز اور عالمی کپ میں اچھا کھیل پیش کرنا ہوگا ورنہ ان کے ساتھ پاکستانی ٹیم بھی مشکلات سے دوچار ہو سکتی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ جدید ون ڈے کرکٹ میں تین سو سے زائد رنز ہی بنا کر کامیابی حاصل کی جاسکتی ہے کیونکہ کسی بھی وقت کوئی حریف کھلاڑی دھواں دھار اننگز کھیل کر میچ کا پانسہ پلٹ سکتا ہے۔