سپیکر ‘‘ کس کا ہے ،ایوان میں نئی بحث چھڑ گئی

پرویز خٹک کی جانب سے سپیکر ہمارا کہنے پر اپوزیشن سیخ پا،الفاظ حذف کرنے کا مطالبہ ٰکسی پارٹی یا گروہ کا نہیں پورے ایوان کا سپیکر ہوں ،لگتا ہے خٹک کی زبان بھی پھسل گئی ،اسد قیصر

جمعہ 10 مئی 2019 21:11

سپیکر ‘‘ کس کا ہے ،ایوان میں نئی بحث چھڑ گئی
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 10 مئی2019ء) قومی اسمبلی میں وزیر دفاع پرویز خٹک کی جانب سے اسپیکر کو ’’ہمارا ‘‘ کہنے پر اپوزیشن نے شدید احتجاج کرتے ہوئے کہا ہے کہ سپیکر صاحب آپ پورے ایوان کے سپیکرہیں،پرویز خٹک کے الفاظ حذف کئے جائیں ۔ جمعہ کو قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر دفاع پرویز خٹک نے اپوزیشن ارکان سے کہاکہ جب آپ ہمارے ٓسپیکر پر حملہ کرتے ہیں تو ہمیں بھی بچانے کیلئے آگے آنا پڑیگا۔

انہوںنے کہاکہ ایسا ہوگا تو پھر جنگ شروع ہوجائیگی۔

(جاری ہے)

وزیر دفاع کے ریمارکس پر اپوزیشن ارکان نے شور شرابہ کرتے ہوئے شدید احتجاج کیا۔وزیر دفاع نے کہاکہ آپ چپ کرکے ہماری بات سنیں۔ پیپلزپارٹی کے راجہ پرویز اشرف نے وزیر دفاع پرویز خٹک کی جانب سے اسپیکر کو’’ہمارا‘‘کہنے پر شدید احتجاج کیا اور سپیکر اسد قیصر سے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وزیر دفاع کے الفاظ فوری طور پر حذف کئے جائیں ۔جس پر سپیکر اسد قیصر نے کہا کہ میں سپیکر پورے ایوان کا ہوںکسی پارٹی یا گروہ کا نہیں، لگتا ہے پرویز خٹک کی بھی زبان پھسل گئی ہے،بعد ازاں سپیکر نے معاملہ رفع دفع کرادیا۔