Live Updates

پرویز خٹک نے خواجہ آصف کو چپ کرا دیا

زیادہ جذباتی نہ ہوں غصہ ہمیں بھی آتا ہے،پی ٹی آئی راہنما

Sajjad Qadir سجاد قادر ہفتہ 11 مئی 2019 06:43

پرویز خٹک نے خواجہ آصف کو چپ کرا دیا
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 11 مئی2019ء)   ایوان تو آئے روز مچھلی منڈی بنا ہوتا ہے۔ادھر حکومتی کارندے کوئی بات کرتے ہیں تو دوسری طرف اپوزیشن احتجاج کرنے کے لیے اٹھ کھڑی ہوتی ہے۔ایسے محسوس ہوتا ہے کہ ن لیگ اور پیپلز پارٹی احتجاج کرنے اور واک آﺅٹ کرنے کا بہانہ تلاش کررہی ہوتی ہے۔تاہم ایوان کی کارروائی بھی جاری رہتی ہے۔حکومت کے نمائندے ہر طور اپنے فیصلوں اور غیر منتخب نمائندوں کا دفاع کرتے نظر آتے ہیں جبکہ اپوزیشن انہیں خوب آڑے ہاتھوں لیتی اور تنقید کا نشانہ بناتی ہے۔

گزشتہ روز بھی ایوان میں کچھ ایسی ہی صورت حال بن گئی تھی جب ن لیگ کے خواجہ آصف اور پی ٹی آئی راہنما پرویز خٹک آمنے سامنے تھے اور ایک دوسرے کولفظوں کی گولہ باری سے خوب روندا۔ مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ آصف نے فاٹا کی نشستوں سے متعلق بل پر دھواں دھار تقریر کی جس کے بعد وزیر دفاع پرویز خٹک نے اظہار خیال کرتے ہوئے انہیں خبردار کیا کہ خواجہ صاحب غصہ نہ ہوں، ہمیں بھی غصہ آتا ہے، آپ چیخیں گے تو ہم بھی چپ نہیں بیٹھیں گے، کہیں ایسا نہ ہو کہ کل ہم اپنے اسپیکر کے تحفظ کے لیے کھڑے ہو جائیں۔

(جاری ہے)

پرویز خٹک کے جملوں پر قومی اسمبلی میں اپوزیشن نے احتجاج شروع کردیا اور پیپلزپارٹی کے راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ پرویز خٹک نے ہمارا اسپیکر پکارا، کیا آپ پورے ہائوس کے اسپیکر نہیں؟ پرویز خٹک کے لفظ کو حذف کیا جائے۔اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر پر گزشتہ دنوں بھی پی ٹی آئی کا ساتھ دینے کا الزام لگایا گیا تھا جب انہوں نے ایوان میں بلاول بھٹو کی تقریر کے بعد ن لیگ کے خواجہ آصف کو بولنے کا موقع دینے کے بجائے پی ٹی آئی کے مراد سعید کو فلور دے دیا تھا جس پر اپوزیشن نے ہنگامہ آرائی کرنے کے بعد اسمبلی کا واک آئوٹ کر دیا تھا۔

تاہم راجہ پرویز اشرف کے اعتراض پر اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا کہ میں پہلے کہہ چکا ہوں کہ میں پورے ایوان کا اسپیکر ہوں۔یوں پرویز خٹک کے الفاظ حذف ہونے پر ہی اپوزیشن نے خاموشی اختیار کی اور ایوان کی کارروائی آگے بڑھی۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات