امام مساجد کو گریڈ 14 سے 16 تک کی سرکاری نوکریاں دی جائیں

امام مساجد کو نوکریاں دینے سے ایک ڈسپلن بھی آئے گا۔ وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چودھری

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین ہفتہ 11 مئی 2019 11:05

امام مساجد کو گریڈ 14 سے 16 تک کی سرکاری نوکریاں دی جائیں
اسلام آباد اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 11 مئی 2019ء) : وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چودھری نے امام مساجد کو نوکریاں دینے کی تجویز پیش کی ہے۔ تفصیلات کے مطابق مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں وفاقی وزیر فواد چودھری کا کہنا تھا کہ امام مساجد کو گریڈ 14 سے 16 تک سرکاری نوکریاں دی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ امام مساجد کو نوکریاں دینے سے ڈسپلن بھی آئے گا۔

ایسا کرنے سے مخصوص ٹولے کی اجارہ داری بھی ختم ہو گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس سلسلے میں وزرائے اعلیٰ کو اپنی ذمہ داریاں پوری کرنی چاہئیں۔
واضح رہے کہ اس سے قبل رویت ہلال کمیٹی کو بھی ختم کرنے کا عندیہ دیا تھا ان کا کہنا تھا کہ چاند دیکھنے کے لیے ہر سال لاکھوں روپے خرچ کیے جاتے ہیں، اس سلسلے میں ٹیکنالوجی سے مدد لینی چاہئیے۔

(جاری ہے)

حال ہی میں فواد چودھری نے اپنے ایک بیان میں کہا ٓ کہ چاند دیکھنے کا عمل سائنسی طریقہ ہے۔ رویتِ ہلال کمیٹی کی دُور بین 100سال پُرانی ہے۔ یہ کہاں کی منطق ہے کہ پُرانی دُوربین پر دیکھنا حلال ہے، نئی دُوربین پر دیکھنا حرام۔ بزرگ علماء ضد کرتے ہیں چاند ہم نے ہی دیکھنا ہے حالانکہ ان بزرگ علماءکو سامنے بیٹھا ہوا شخص نظر نہیں آتا۔ ہم 15 دِن میں قمری کیلنڈر عوام اور کابینہ کے سامنے پیش کریں گے۔

چند روز قبل وفاقی وزیر فواد چودھری نے اپنے ایک بیان رویتِ ہلال کمیٹی پر تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ علماءکا احترام ہے لیکن پوری دُنیا میں چاند دیکھنے کے معاملات رضا کارانہ بنیادوں پر ہوتے ہیں، عید اور رمضان کے چاند دیکھنے پر 40 لاکھ خرچ کر دینا کہاں کی عقلمندی ہے۔انہوں نے مزید کہا تھا کہ رویت ہلال کے لئے کمیٹی قائم کرنے کے حوالے سے رائے دی ہے ہر کسی کا اس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

کم ازکم چاند دیکھنے کا تو معاوضہ نہیں ہونا چاہیے، پوری دنیا میں ایسے معاملات رضا کارانہ ہوتے ہیں، رویت ہلال کمیٹی کے ممبران چاند تو رضاکارانہ دیکھ لیا کریں، چاند دیکھنے پر قومی خزانے سے بھاری رقم خرچ ہو رہی ہے۔فواد چودھری نے کہا تھا کہ پڑھے لکھے علما ءکرام میری تجویز کی حمایت کر رہے ہیں، چاند دیکھنے کے لئے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی سے فائدہ اٹھانا چاہیے۔ 10 سال کا کیلنڈر بن جائے گا تو غیر ضروری اخراجات اور تنازعات سے بچ جائیں گے۔ تاہم اب انہوں نے امام مساجد کو نوکریاں دینے کی تجویز پیش کر دی ہے۔