بھارت ایک مرتبہ پھر اپنی جارحیت پر اُتر آیا

بھارتی فنڈنگ سے یورپ میں پاکستان مخالف مہم کا آغاز کر دیا گیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین ہفتہ 11 مئی 2019 11:32

بھارت ایک مرتبہ پھر اپنی جارحیت پر اُتر آیا
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 11 مئی 2019ء) : بھارت پاکستان کے خلاف محاذ کھولنے کا کوئی بھی موقع ہاتھ سے جانے نہیں دیتا۔ بھارت میں ہونے والے کسی بھی واقعہ کا الزام بلا جھجھک پاکستان پر عائد کر دیا جاتا ہے بلکہ یہی نہیں بھارت پاکستان کو عالمی سطح پر بھی بدنام کرنے پر تُلا ہوا ہے لیکن افسوس کہ بھارت ہمیشہ سے ہی اپنی ان کوششوں میں نہ صرف ناکام رہا ہے بلکہ بھارت کو اس سلسلے میں منہ کی کھانی پڑی ہے۔

قومی اخبار میں شائع ایک رپورٹ میں انکشاف ہوا کہ بھارت کی فنڈنگ سے یورپ میں پاکستان کے خلاف مہم کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق پشتون تحفظ مومنٹ (پی ٹی ایم) کے کالعدم دہشتگرد بلوچ گروپس کے لیڈرز سے یورپ میں رابطے ہوئے ہیں ، بھارت کی فنڈنگ سپورٹ سے یورپ میں پشتون سپرنگ ریوولوشن کے نام سے پاکستان مخالف پروپیگنڈہ مہم کاآغاز کردیا گیا۔

(جاری ہے)

جرمنی اور فرانس میں بلوچ کالعدم گروپس کی مدد سے پاکستان کے خلاف پبلک میٹنگز منعقد کیں۔اعلٰی حکومتی ذرائع کے مطابق یورپ میں بھارت کی فنڈنگ سپورٹ سے پاکستان مخالف قوتوں کے گٹھ جوڑ کے حوالے سے وزیر اعظم کو انٹیلی جنس رپورٹس ارسال کر دی گئی ہیں۔ رپورٹس کے مطابق پشتون تحفظ مومنٹ کے پاکستان مخالف عناصر نے کالعدم بلوچ دہشتگرد گروپس کے لیڈرز ہربیار مری، میر مہران مری اور براہمداغ بگٹی سے رابطے کئے اور ان کی مدد سے یورپ میں پاکستان مخالف پروپیگنڈہ مہم پشتون سپرنگ ریوولوشن لانچ کر دی ہے جس کی فنڈنگ اور دیگر سپورٹ بھارتی ایجنسی را کر رہی ہے ۔

جرمنی او رفرانس میں میں پبلک میٹنگزمنعقد کی،میٹنگ میں شامل لوگوں کی تعداد دو درجن سے زائد نہ تھی اور اس میں زیادہ تعداد بھارتی اور افغان این جی اوز کی تھی ۔انٹیلی جنس رپورٹس کے مطابق بلوچ گروپس کی پروپیگنڈہ مہم کو بھارتی ایجنسی را نے 25 ملین ڈالرز کی فنڈنگ کی تھی۔