لاہور ،اسلام آباد میں بارش سے موسم خوشگوار

مزید بارشوں کا امکان ہے جس سے گرمی کی شدت میں کمی آئے گی. محکمہ موسمیات

Mian Nadeem میاں محمد ندیم ہفتہ 11 مئی 2019 11:52

لاہور ،اسلام آباد میں بارش سے موسم خوشگوار
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔11 مئی۔2019ء) لاہور ،اسلام آباد اورگردونواح میں صبح ہونے والی بارش نے موسم خوشگوارکردیا ہے. ہفتے کو وفاقی دارالحکومت میں ماہ صیام کی پہلی بارش اور بوندا باندی ہوئی تو روزے داروں نے ابرکرم پرخوشی کا اظہار کیا. بابرکت مہینے میں ابرکرم برس پڑا ،اسلام آباد اورگردونواح میں صبح ہونے والی ہلکی بارش نے موسم خوشگوارکردیا گرمی کی شدت میں کمی پر روزہ دوروں نے بھی سکھ کا سانس لیا جن کا ماننا ہے کہ صبح ہونے والی بونداباندی سے موسم کی حدت میں کمی آئے گی.

(جاری ہے)

بالائی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ جبکہ میدانی علاقوں میں ہلکی بارش ریکارڈ کی گئی ، تاہم جنوبی پنجاب اور سندھ کے بیشتر علاقے گرمی کی لپیٹ میں ہی رہیں گے. اسلام آباد ہی نہیں بلکہ محکمہ موسمیات نے گلگت بلتستان ، آزاد کشمیر ، سمیت پشاور، مالاکنڈ، ہزارہ، لاہور اور فیصل آباد ڈویژن میں بھی بارش کا امکان اورموسم ابرآلود رہنے کا امکان ظاہرکیاہے.

محکمہ موسمیات کے مطابق حالیہ بارش کے باعث ملک بھرکے موسم گرما کی شدت میں کمی آئی گی ، آئندہ ہفتے دن کے درجہ حرارت میں 03 سے05ڈگری کمی کا بھی امکان ہے. دوسری جانب لاہور کے مختلف شہروں میں بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا‘ لاہور سمیت پنجاب بھر میں موسم نے کروٹ بدل لی، روزے داروں کو خوشگوار موسم کا تحفہ ملا تو بچے والدین کے ہمراہ ویک اینڈ کا مزا لینے پارکوں میں پہنچ گئے.

آسمان پر بادلوں کی آنکھ مچولی کبھی ہوائیں تو کبھی بوندوں کی رت کھولی،لاہور سمیت پنجاب بھر میں تیز ہواﺅں اور بارش نے موسم خوشگوار بنادیا‘سہانے موسم میں بچے بھی کافی خوش ہیں جو پارکوں میں جھولے جھولنے میں مصروف ہیں، کہتے ہیں اچھا موسم ہے آج خوب گھومیں گے. فیصل آباد، حافظ آباد، گوجرانوالہ اور سیالکوٹ میں بھی رات گئے ہونے والی بارش نے موسم خوشگوار بنا دیا ہے. محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24گھنٹوں کے دوران موسم ابرآلود رہے گا، پنجاب میں کئی مقامات پر ہلکی بارش کا بھی امکان ہے.