’دوبول‘ میرے کیرئیر کیلئے بریک تھرو ثابت ہوا ہے ،اس سے مداحوں کی تعداد یقینا بڑھ گئی ہوگی، عفان وحید

طلاق کے بعد بہت ڈپریشن میں تھا، اہل خانہ نے برے وقت سے نکالنے میں بہت کردار ادا کیا، انٹرویو

ہفتہ 11 مئی 2019 12:59

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 مئی2019ء) ڈرامہ دو بول سے شہرت حاصل کرنیوالے اداکار عفان وحید نے کہا ہے کہ ’دوبول‘ میرے کیرئیر کیلئے بریک تھرو ثابت ہوا ہے اس سے مداحوں کی تعداد یقینا بہت زیادہ بڑھ گئی ہوگی۔ایک انٹرویو میں عفان وحید نے کہا کہ دو بول کی مقبولیت کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ کچھ لوگ مجھ سے پوچھتے ہیں کہ کیا یہ میرا پہلا ڈرامہ ہے۔

اپنی زندگی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں شادی شدہ نہیں، طلاق یافتہ ہوں۔ انہوں نے بتایا کہ طلاق میرے لئے بہت مشکل وقت تھا اور اس دوران میں نے خود کو کمرے میں بند کرلیا اور زور زور سے چیخیں ماریں۔انہوں نے کہا کہ میں ایسا شخص نہیں جو لوگوں کے سامنے رونا پسند کرے، مگر زندگی کے اس مرحلے میں وہ اپنے قریبی دوستوں کے سامنے رونے پر مجبور ہوگیا تھا ۔

(جاری ہے)

عفان وحید نے اس وقت کو ڈپریشن قرار دیتے ہوئے کہا کہ میں یہ سمجھنے سے قاصر تھا کہ آخر میں مسلسل اداس کیوں رہتا ہوں ۔ انہوں نے کہا کہ خاندان خصوصاً بہن بھائیوں نے مجھے اس حالت سے نکالا جن کی بدولت میں طلاق کو پیچھے چھوڑ کر زندگی میں آگے بڑھا اور اس کیلئے مجھے کئی ماہ کا عرصہ لگا۔انہوں نے بتایاجب میں اس مرحلے سے نکلنے لگا تو مجھے ایسا لگا جیسے میری زندگی میں کسی نے رنگ بھردیئے ہیں، یہ واقعی بہت بری طلاق تھی۔ ایک سوال کہ اب کیا زندگی میں وہ کسی سے محبت کریں تو انہوں نے کہا کہ میرے ذہن میں ہمیشہ یہ خوف رہتا ہے کہ مجھے پہلے جیسا دھچکا نہ لگے، ماضی کا تعلق میرے لیے بہت برا ثابت ہوا۔

متعلقہ عنوان :