حکومتی جماعت کے رکن قومی اسمبلی عامر لیاقت کی پی ٹی وی سے نکلنے کی خبریں

ڈاکٹر عامر لیاقت حسین نے خود ہی ٹویٹر پیغام میں تردید کر دی

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین ہفتہ 11 مئی 2019 13:06

حکومتی جماعت کے رکن قومی اسمبلی عامر لیاقت کی پی ٹی وی سے نکلنے کی خبریں
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 11 مئی 2019ء) : حکومتی جماعت کے رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر عامر لیاقت حسین نے پی ٹی وی سے نکالے جانے یا رمضان ٹرانسمیشن سے علیحدگی اختیار کرنے کی خبروں کی تردید کر دی۔ تفصیلات کے مطابق مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں ڈاکٹر عامر لیاقت حسین نے کہا کہ پی ٹی وی گلوبل، پی ٹی وی ورلڈ، پی ٹی وی نیوز اور پی ٹی وی ہوم کے ناظرین ان شا اللہ افطار نشریات سے مجھے دیکھ سکیں گے، طبیعت ناساز ہے اس لیے سحری میں نہیں آسکا ، ناظرین سے معذرت خواہ ہوں۔

یاد رہے کہ ڈاکٹر عامر لیاقت حسین ہر سال مختلف ٹی وی چینلز پر رمضان المبارک کی ٹرانسمیشن کرتے ہیں جسے بے حد پسند کیا جاتا ہے۔ ہر سال کی طرح اس سال بھی ڈاکٹر عامر لیاقت حسین رمضان ٹرانسمیشن کی میزبانی کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

امسال رکن قومی اسمبلی عامر لیاقت حسین سرکاری ٹی وی چینل پی ٹی وی پر رمضان المبارک کے حوالے سے خصوصی پروگرام کر رہے ہیں۔

عامر لیاقت حسین سے متعلق یہ اطلاع موصول ہوئی تھی کہ چار روزے گزرنے کے بعد ہی عامر لیاقت کو پی ٹی وی سے نکال دیا گیا ہے۔ عامر لیاقت کو چھ ملین روپے میں رمضان نشریات کے لئے پی ٹی وی میں رکھا گیا تھا۔ عامر لیاقت حسین کے پی ٹی وی سے نکالے جانے کی خبروں پر کئی قیاس آرائیاں بھی ہوئیں اور اس حوالے سے کئی تبصرے بھی کیے گئے۔ لیکن اب خود ڈاکٹر عامر لیاقت حسین نے ان افواہوں کی تردید کر دی ہے اور کہا ہے کہ ان کی طبیعت ناساز ہے جس کی وجہ سے وہ سحری ٹرانسمیشن میں نہیں آ سکے۔ ڈاکٹر عامر لیاقت کی طبیعت ناسازی کی خبر سُن کر ان کے چاہنے والوں نے ان کی جلد صحیتابی کی دعا کی اور ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔