گورنر سندھ سے رائل کالج آف ڈیفنس اسٹڈیز برطانیہ کے 20رکنی وفد کی ملاقات

ہفتہ 11 مئی 2019 17:57

گورنر سندھ سے رائل کالج آف ڈیفنس اسٹڈیز برطانیہ کے 20رکنی وفد کی ملاقات
کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 مئی2019ء) گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا کہ جدید خطوط پر آراستہ تربیت سول و عسکری افسران کو فرائض کی ادائیگی میں معاون و مدد گار ثابت ہوتی ہے جس سے عوامی مسائل کے حل میں بھی معاونت ملتی ہے باالخصوص عسکری مہارت کے لئے تربیتی کورسز کلیدی کردار ادا کرتے ہیں اس ضمن میں رائل کالج آف ڈیفنس اسٹڈیز جہاں دنیا کے 50 ممالک کے اعلیٰ فوجی و سول افسران تربیت حاصل کرتے ہیں اہمیت کا حامل ہے۔

ہفتہ کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے رائل کالج آف ڈیفنس اسٹڈیز Royal College of Defence Studies(RCDS) برطانیہ کے 20رکنی وفد سے گورنر ہائوس میں ملاقات کے دوران کیا جبکہ وفد کی سربراہی میجر جنرل ریٹائرڈ J C Lawrance کررہے تھے۔

(جاری ہے)

ملاقات میں برطانوی ڈپٹی ہائی کمشنر Ms. Elin Burns کے علاوہ وفد میں برطانیہ سمیت کئی ممالک کے زیر تربیت فوجی و سول افسران بھی موجود تھے۔

ملاقات میں ملک کی مجموعی اقتصادی صورتحال ،ہمسایہ ممالک سے پاکستان کے سفارتی تعلقات اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ گورنر سندھ نے کہا کہ پاکستان دنیا بھر میں پرامن اور معاشی طور پر خوشحال ملک بن کر ابھر رہا ہے، دنیا کو پر امن بنانے میں پاکستان نے ہراول دستہ کا کردار ادا کیا، سی پیک منصوبہ کی بدولت پاکستان خطہ میں مضبوط و مستحکم ملک بن کر سامنے آرہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ شہر میں سرمایہ کاری کے لئے بہترین ماحول اور حکومت کی جانب سے سرمایہ کاروں کو ہر ممکن مدد و تعاون کی فراہمی سے غیر ملکی سرمایہ کاروں کی دلچسپی بڑھ رہی ہے، کراچی کی ترقی دراصل پورے ملک کی ترقی ہے، سی پیک منصوبہ سے کراچی معاشی طور پر مزید مستحکم ہورہا ہے، امن و امان کے قیام کے بعد حکومت معاشی استحکام اور ترقیاتی کام کرانے کے ویژن پر گامزن ہے۔

گورنر سندھ نے مزید کہا کہ پاکستان کا اقتصادی حب کراچی سرمایہ کاروں کے لئے پرکشش ہے جہاں کم لاگت، تجربہ کار، تعلیم یافتہ اور محنتی ہیومن ریسورس سرمایہ کاروں کے لئے منافع بخش اور آئیڈیل ہے۔ میجر جنرل ریٹائرڈ J C Lawrance نے گورنرسندھ کو بتایا کہ رائل کالج آف ڈیفنس اسٹڈیز برطانیہ کا قیام 1927 ء میں عمل میں لایا گیا تھا جہاں فوجی اور سول افسران کو اسٹریٹجک تعلیم کے شعبے میں جدید تربیت فراہم کی جارہی ہے، برطانیہ سمیت50 سے زائد ممالک کے افسران جن میں اکثریت فوجی افسران کی ہوتی ہے ، تربیت حاصل کرتے ہیں اس ضمن میں برطانوی دفتر خارجہ متعلقہ ممالک سے افسران کے نام طلب کرتا ہے، رائل کالج آف ڈیفنس اسٹڈیز میں ہر سال مختلف ممالک کے 100 سے زائد افسران کو تربیت فراہم کی جاتی ہے۔

وفد کے اراکین نے گو رنر سندھ سے صوبہ کی سیاسی صورتحال،ترقیاتی منصوبوں ،امن و امان ، کراچی میں سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کیلئے کئے جانے والے اقدامات اور گورنر کے آئینی کردار اور ذمہ داریوں کے حوالے سے سوالات بھی کئے۔ بعدازں وفد نے گورنر ہائوس کی تاریخی عمارت کا دورہ کیا اور یہاں موجود قائداعظم کے زیر استعمال رہنے والا دفتر اور دیگر اشیاء کے بارے میں معلومات سے آگاہی حاصل کی۔