حکومت سندھ نے 232 اہم شخصیات کو سیکورٹی فراہم کرنے کی منظوری دید ی

مجموعی طور پر 75 پولیس کی موبائلیں اور 432 پولیس اہلکار تعینات کئے جائیں گے سیاسی، سماجی، مذہبی، منتخب نمائندے شامل، سیکریٹری داخلہ کی زیر صدارت تھریٹ کمیٹی کا اجلاس

ہفتہ 11 مئی 2019 17:44

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 مئی2019ء) حکومت سندھ کی تھریٹ کمیٹی نے 232 اہم شخصیات کو سیکورٹی فراہم کرنے کی منظوری دے دی ہے۔ ان شخصیات میں سیاسی، سماجی، مذہبی منتخب نمائندے شامل ہیں۔ مجموعی طور پر 75 پولیس کی موبائلیں اور 1432 پولیس اہلکار تعینات کیے جائیں گے۔ سیکرٹری داخلہ قاضی کبیر کی زیر صدارت تھریٹ کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں خورشید شاہ، ڈاکٹر عاصم، شیری رحمن، خالد مقبول صدیقی، وفاقی وزیر فیصل واوڈا، رحمن ملک، مصطفی کمال، انیس قائمخانی، علی زیدی، خواجہ اظہارالحسن کو ایک ایک گاڑی اور 10، 10 گارڈز دینے کی منظوری دی گئی۔

ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سلیم مانڈوی والا کو 6 اہلکار اور ایک گاڑی، فاروق ستار کو 8 اہلکار اور ایک گاڑی، فیصل سبزواری کو 8 گارڈز اور ایک گاڑی، وقار مہدی اور راشد ربانی کو ایک ایک گارڈ، کنور نوید جمیل، نسرین جلیل، طاہر مشہدی، شبیر قائمخانی، آصف حسنین، مزمل قریشی، سلمان مجاہد سمیت دیگر سیاستدانوں کو 2، 2 اہلکار۔

(جاری ہے)

فاروق ایچ نائیک کو 5 گارڈ، رضا ربانی کو 4 گارڈ، نبیل گبول کو 2 گارڈز دینے کی منظوری دی گئی۔

وفاقی وزیر علی محمد مہر کو ایک گاڑی 11 اہلکار، پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثار کھوڑو کو 5 اہلکار اور ایک گاڑی دی جائے گی۔ ایم این اے آغا رفیع اللہ کو 5 گارڈز، سابق ایم این اے طاہر مشہدی کو 2 اہلکار، احمد چنائے کو ایک گارڈ، دو سابق گورنرز محمد زبیر اور معین الدین حیدر کو 16 سیکورٹی اہلکار اور دو گاڑیاں اور سابق آئی جی پولیس واجد درانی کو 9 اہلکار اور ایک گاڑی دینے کی منظوری بھی دی گئی۔