کشمیری عوام تاریخ کے مشکل ترین وقت سے گزر رہے ہیں ،بے پناہ جبر ومظالم کے باوجود انکے حوصلے پست نہیں ہوئے،چودھری محمد یٰسین

مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیاں عروج پر ہیں ،اقوام متحدہ کشمیر کا تنازع حل کرنے کے لیے فوری اقدامات اٹھائے،اپوزیشن لیڈر قانون ساز اسمبلی آزاد کشمیر

ہفتہ 11 مئی 2019 18:38

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 مئی2019ء) آزادکشمیر قانون ساز اسمبلی میں قائد حزب اختلاف چودھری محمدیٰسین نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کی صورتحال انتہائی تشویشناک رخ اختیار کرچکی ہے، رمضان المبارک کے دوران بھی مظالم میں تیزی آچکی ہے، نماز تراویح کیلئے بھی مساجد کو بند کیاجارہاہے اور ان کو مذہبی فریضے سے روکا جارہا ہے۔

وہ ہفتہ کو یہاں مختلف وفود سے گفتگوکررہے تھے،۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام تاریخ کے مشکل ترین وقت سے گزر رہے ہیں لیکن بے پناہ جبر اور مظالم کے باوجود انکے حوصلے پست نہیں ہوئے ،دن بدن تحریک مزاحمت مضبوط ہونے سے ظاہر ہوتا ہے کہ کشمیریوں کی آزادی کے دن قریب ہیں ،انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیاں عروج پر ہیں اقوام متحدہ کشمیر کا تنازع حل کرنے کے لیے فوری اقدامات اٹھائے اور بھارتی افواج کے جبروتشدد ظلم و بربریت کو روکنے کے لیے کردار ادا کرے ۔

(جاری ہے)

بھارتی افواج نے پوری وادی مقتل گاہ بنا دیامقبوضہ کشمیر کی صورتحال انتہائی تشویشناک ہو چکی، حریت قیادت کو گرفتار کر کے جیلوں میں ڈال دیا گیا ۔پوری وادی میں کرفیو نافذہے ،بھارتی وزیراعظم نے الیکشن جیتنے کے لیے مقبوضہ کشمیر میں ظلم و ستم اور بربریت کے ذریعے پوری وادی کو قبرستان میں تبدیل کررہا ہے ،انہوں نے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے پانی ،خوراک اور زرعی ترقی کے تمام راستے کشمیر سے ہو کر گزرتے ہیں ۔

ذوالفقار علی بھٹو شہید نے پاکستان پیپلزپارٹی کی بنیاد مسئلہ کشمیر پر رکھی گئی تھی پیپلزپارٹی اقتدار اور اپوزیشن ہر دور میں مسئلہ کشمیر کو صف اول کے طور پر رکھا،ہم آج بھی بھٹو شہید کے اسی فلسفے اور عزم کو دھراتے ہیں ،عالمی برادی جموں و کشمیر میں جاری بھارتی مظالم روکنے کے لیے اپنا کردار ادا کرے ،کشمیریوں کی عظیم جدوجہد کو سراہتے ہوئے اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا ہے کہ وقت آگیا ہے اب وہ اپنا وعدہ پورا کرے۔ انہوں نے کہا کہ سات دہائیوں پہلے کشمیریوں سے کیا گیا وعدہ پورا نہیں کیا گیا اور اب وقت آگیا ہے کہ اقوام متحدہ اپنے وعدے کو پورا کرے اور کشمیریوں کو حق خود ارادیت دلائے۔ انہوں نے کہا کہ ایسا کرنا خطے اور عالمی امن کے لئے اشد ضروری ہے۔