وزیراعظم آزادکشمیر کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑے ہیں اور کھڑے رہیں گے،چوہدری محمود ایڈوو کیٹ

مسلم لیگ (ن )اس وقت آزادکشمیر کی سب سے بڑی سیاسی جماعت ہے، بڑی جماعتوں میں چھوٹا موٹا اختلاف رائے ہوتا ہے،اس کاقطعی طور پر یہ مطلب نہیں حکمران جماعت میں کوئی تقسیم ہے،وزیر سمال انڈسٹریز

ہفتہ 11 مئی 2019 18:38

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 مئی2019ء) وزیر سمال انڈسٹریز چوہدری شہزاد محمود ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن میں گروپنگ اور توڑ پھوڑ کسی کی خواہش ہوسکتی ہے لیکن ہم وزیر اعظم آزادکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑے ہیں اور کھڑے رہیں گے۔ مسلم لیگ ن اس وقت آزادکشمیر کی سب سے بڑی سیاسی جماعت ہے۔

بڑی جماعتوں میں چھوٹا موٹا اختلاف رائے ہوتا ہے لیکن اس کاقطعی طور پر یہ مطلب نہیں کہ حکمران جماعت میں کوئی تقسیم ہے۔ مسلم کانفرنس اپنے ناکام کنونشن کی خالی کرسیوں کا نزلہ مسلم لیگ ن پر گرانا چاہتی ہے مگر اس مردہ گھوڑے میں جان نہیں پڑنے والی۔ کارکنان سے گفتگو کر تے ہوئے چوہدری شہزاد محمود ایڈووکیٹ نے کہا کہ آزادکشمیر میں مسلم لیگ ن کی حکومت نے عام آدمی کو میرٹ کی بحالی اور آئین اور قانون کی حکمرانی کے ذریعہ اقتدار میں شریک کیا ہے۔

(جاری ہے)

ریاست بھر کی خواتین قابل احترام ہیں اور سردار سکندر حیات بھی ہمارے لیے محترم،لیکن کسی کو بھی خواتین کا نام استعمال کر کے اپنے مکروہ مقاصد کے لیے سیاست نہیں کرنی چاہیے اور نہ ہی کسی کی عزت کو اس طرح سے دائو پر لگانا چاہیے۔ مسلم لیگ ن آزادکشمیر کے قیادت راجہ محمدفاروق حیدر خان،چوہدری طار ق فاروق، شاہ غلام قاد ر کے درمیان کوئی ایسا سیاسی اختلاف نہیں کہ جماعت کے مخالفین کو فائدہ اٹھانے کا موقع مل سکے۔