پاکستان پیپلز پارٹی ملاکنڈ نے پی ٹی آئی کے ممبر قومی اسمبلی جنید اکبر خان کا ملاکنڈ میں دوبارہ الیکشن لڑنے کا چیلنج قبول کرلیا

ہفتہ 11 مئی 2019 19:25

ملاکنڈ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 مئی2019ء) پاکستان پیپلز پارٹی ملاکنڈ نے پی ٹی آئی کے ممبر قومی اسمبلی جنید اکبر خان کا ملاکنڈ میں دوبارہ الیکشن لڑنے کا چیلنج قبول کر لیا۔ سلیکٹڈ ایم این اے نے اسمبلی فلور پر اپنی ناکامی چھپانے اور سیاسی قداونچا کرنے کے لئے پی پی پی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی کردار کشی کی ناکام کوشش کی ہے، جنید اکبر بھولا اور نادان بننے کی کوشش کرنے کی بجائے اپنا سیاسی قد دیکھ کربات کریں اور ملک کو ناقابل تسخیر ایٹمی قوت بنانے اور ملک کو 73ء آئین دینے والے بھٹوخاندان کے خلاف بات کرنے سے قبل عملی کارکردگی دکھائیں ۔

عوام جانتے ہیں کہ ملاکنڈ میں بلاول بھٹو کو دھاندلی کے ذریعے ہرایا گیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان پیپلز پارٹی ملاکنڈ کے ضلعی صدر اور ضلع ناظم اعلیٰ سید احمد علی شاہ باچہ نے پریس کلب آفس میں کابینہ کے دیگر عہدیداروں کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر پی پی پی تحصیل درگئی کے صدر حاجی محمد طیب ، جنرل سیکرٹری یونس خان ، تحصیل ناظم درگئی عبد الرشید بھٹو ، نائب ناظم حاجی اعظم خان ، ممبر ضلع کونسل حاجی اکرم خان ، سریر جمال خان ، عنایت خان سیکرٹری، سابق ناظم حاجی صبر صادق خان اور حاجی زرین خان بھی ان کے ہمراہ تھے ۔

ضلعی صدر سید احمد علی شاہ باچہ نے کہا کہ بحیثیت پی پی پی کے ایک ادنیٰ کارکن ملاکنڈ سے سلیکٹڈ ایم این اے جنیداکبر خان کا چیلنج قبول کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ پی پی پی کے قائدین نے غریب عوام کی خاطر جانوں کے نذرانے دئیے ہیں ۔ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے ملک 1973کا آئین دیا اور ایٹمی قوت بنا یا اور اسی پی پی پی کا کارنامہ ہے کہ آج غریب لوگ اپنے اپنے زمینوں کے مالک ہیں اور انہیں شناختی کارڈ اور ووٹ کا حق ملا ہے جبکہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام سے ملاکنڈ کی 29ہزار خاندانوں سمیت ملک بھر کر کروڑوں غریب لوگ مستفید ہور ہے ہیں ۔