مضبوط اور با اختیار بلدیاتی نظام مضبوط و مستحکم معیشت کی ضمانت ہے، سید مصطفی کمال

ہم فیصلے لینے میں جتنی تاخیر کریں گے اتنی دیر سے سنبھلیں گے اور ہماری مشکلات میں اضافہ ہوگا، چیئرمین پی ایس پی

ہفتہ 11 مئی 2019 20:34

مضبوط اور با اختیار بلدیاتی نظام مضبوط و مستحکم معیشت کی ضمانت ہے، ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 مئی2019ء) پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفی کمال نے کہاہے کہ مضبوط اور با اختیار بلدیاتی نظام مضبوط و مستحکم معیشت کی ضمانت ہے۔ ہم فیصلے لینے میں جتنی تاخیر کریں گے اتنی دیر سے سنبھلیں گے اور ہماری مشکلات میں اضافہ ہوگا۔ ملک کو صحیح سمت میں گامزن کرنے کے لیے سخت فیصلے لینے کی ضرورت ہے۔

بڑے شہروں کو صوبوں میں رہتے ہوئے انتظامی و معاشی خودمختاری دے کر ٹیکس وصولی بڑھائی جا سکتی ہے، صرف کراچی ہی اکیلا آٹھ ہزار ارب ٹیکس دیگا۔ ان خیالات کا اظہار سید مصطفی کمال نے پاکستان آرگنائزنگ کمیٹی کے اراکین کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے عوام کو بدترین مہنگائی کا سامنا ہے، ایسا لگ رہا کہ حکومت نے غربت کے بجائے غریب کو ختم کرنے کی ٹھان لی ہے۔

(جاری ہے)

پاک سرزمین پارٹی مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے دانشوروں کی خدمات لے کر ملکی حالات کو دیکھتے ہوئے وہ لائحہ عمل پیش کر رہی ہے جس پر عمل کر کے ملک کو تاریکیوں سے نکال کر روشن مستقبل کی جانب گامزن کیا جا سکتا ہے۔ پاکستانی قوم میں آج بھی حب الوطنی کا جذبہ بہت ہے اور پوری قوم اپنے وطن عزیز کی اقوام عالم میں عزت بحال کرنے کے لیے متحد ہے۔