گزشتہ حکومت کی ناقص منصوبہ بندی

پشاور میں عالمی طرز کا ائیرپورٹ بنا دیا گیا لیکن پارکنگ نہ بنائی گئی، مسافر خوار ہو گئے

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ اتوار 12 مئی 2019 12:55

گزشتہ حکومت کی ناقص منصوبہ بندی
پشاور(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔12مئی2019ء) گزشتہ حکومت کی ناقص منصوبہ بندی کا ایک اور کیس سامنے آ گیا۔ پشاور میں عالمی طرز کا ائیرپورٹ بنا دیا گیا لیکن پارکنگ نہ بنائی گئی۔ تفصیلات کے مطابق پشاور میں ساڑھے 3ارب روپے کی لاگت سے باچا خان انٹر نیشنل ائیرپورٹ بنایا گیا اور گزشتہ دورِحکومت میں اس کا توسیعی منصوبے پر کام شروع کیا گیا لیکن منصوبہ بنانے والے ائیرپورٹ پر آنے والے مسافروں کے لیے پارکنگ بنانا بھول گئے۔

عالمی طرز کا ائیرپورٹ تو بنا گیا لیکن پارکنگ ایریا نہ ہونے کی وجہ سے مسافر اور ان کے ساتھ آنے والے رشتہ دار اور دوست احباب کو شدید تکلیف کا سامنا ہے۔ گزشتہ روز پشاور کے باچا خان انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا جدید انٹرنیشنل ارائیول لاوٴنج مسافروں کیلئے کھول دیا گیا۔

(جاری ہے)

انٹرنیشنل ارائیول لاوٴنج کے آپریشنل ہونے کے بعد بیرون ملک سے پشاور پہنچنے والے مسافروں کا استقبال ایف آئی اے،سی اے اے اور اے ایس ایف کے افسران نے کیا۔

پشاورباچا خان انٹر نیشنل ائیرپورٹ حکام کے مطابق پشاور ایئرپورٹ کے ارائیول لاوٴنج کو دور جدید کے تقاضوں مطابق تعمیر کیا گیا ہے اور بین الاقوامی آمد کے لاوٴنج پر 2 بورڈنگ برجز بھی نصب کیے گئے ہیں جن سے مسافر جہازوں پر سوار ہو سکیں گے۔ انٹر نیشنل ارائیول لاونج میں بیرونِ ممالک سے آنے والے مسافروں کی سہولت کیلئے دو خودکار زینے اور تین لفٹیں بھی نصب کی گئی ہیں۔

سول ایوی ایشن ترجمان کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ باچا خان انٹر نیشنل ایئرپورٹ کے اس بین الاقوامی آمدکے لاؤنج کو ساڑھے تین ارب روپے کی لاگت سے تعمیر کیا گیا ہیاور اس کی تعمیر کے بعد بیرون ممالک سے آنے والے مسافروں کے لئے امیگریشن کاوٴنٹرز کی تعدادمیں اضافہ ہو گیا ہے۔البتہ بیرون ملک سے آنے والے مسافروں اور مسافروں کو لے کر جانے والے رشتہ داروں کو ائیرپورٹ پرشدید مشکلات کا سامنا ہے۔ ان کا کہنا تھا ائیر پورٹ پر سہولتیں تو موجود ہیں لیکن گاڑیوں کی پارکنگ کا مسئلہ ابھی تک حل نہیں کیا سکا ہے۔