حکومت کا میٹرو بس سبسڈی ختم کرنے کا فیصلہ درست نہیں‘سردار اظہر سلطان

حکومت میٹروبس سروس کو خزانے پر بوجھ قرار نہ دے ،میٹرو بس سبسڈی ختم کی گئی توغریب اور متوسط طبقے کے عوام پر بڑا ظلم ہوگا

اتوار 12 مئی 2019 20:30

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 مئی2019ء) لاہور ٹریڈرز رائٹس فورم کے صدر سردار اظہر سلطان نے کہا ہے کہ حکومت کا میٹرو بس سبسڈی ختم کرنے کا فیصلہ درست نہیں،پوری دنیا میں غریب اور متوسط طبقے کی سہولت کے لئے حکومت کی جانب سے سستی میٹرو ٹرانسپورٹ فراہم کی جاتی ہے،حکومت میٹروبس سروس کو خزانے پر بوجھ قرار نہ دے ،میٹرو بس سبسڈی ختم کی گئی توغریب اور متوسط طبقے کے عوام پر بڑا ظلم ہوگااور انکی تجارتی ،معاشی ،سماجی اور تعلیمی سرگرمیاں بری طرح متاثر ہونگی ۔

یہ بات انہوں نے گزشتہ روز تاجروں کے ایک اجلاس کے دوران خطاب کرتے ہوئے کہی۔ سردار اظہر سلطان نے کہا کہ پاکستان پہلا ملک نہیں جہاں میٹرو ٹرانسپورٹ پر سبسڈی دی جا رہی ہے دنیا بھر میں غریب اور متوسط طبقے کو پبلک ٹرانسپورٹ پر سبسڈی دی جاتی ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ غریب طبقے کے عوام کیلئے میٹرو بس کی سبسڈی ختم ہونا کسی عذاب سے کم نہ ہوگا بلکہ انکی کمر ٹو ٹ جائے گی ، انہوںنے کہاکہ مزید نئی میٹرو ٹرانسپورٹ سروس شروع کرنے کی بجائے پہلے سے موجود ٹرانسپورٹ سروس کو بند کرنا یا اس پر سبسڈی ختم کرنا انتہائی غیر دانشمندانہ فیصلہ ہے جسے فوراً واپس لیا جائے ۔

کیونکہ میٹرو بس پر سبسڈی ختم ہونے سے غریب اور متوسط طبقے کے بچوں کی سکول کالجز آنے جانے کی سہولت ختم ہو جائے گی اور عام شہری کے ماہانہ اخراجات پر بھی منفی اثرات مرتب ہونگے ۔حکومت اپنے ذرائع آمدن بڑھانے کی بجائے غریب عوام الناس کی بنیادی ضرورتوںپر ڈاکہ ڈالنے کی کوشش نہ کرے۔ہم حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ لاہور سمیت دیگر شہروں میں سبسڈائزڈ پبلک ٹرانسپورٹ کے بہتر ذرائع فراہم کئے جائیں۔اگر حکومت نے فور ی طور پر میٹرو بس سبسڈی ختم کرنے کا فیصلہ واپس نہ لیا تو تاجر برادری سول سوسائٹی کے ساتھ ملکر احتجاج کا راستہ اختیار کرنے پر مجبور ہونگے ۔