لاہور پریس کلب کے زیراہتمام پولیوکے بڑھتے ہوئے واقعات کی روک تھام کیلئے آگاہی سیمینار کا انعقاد

اتوار 12 مئی 2019 21:30

لاہور۔12 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 مئی2019ء) لاہور پریس کلب کے زیراہتمام صوبائی دارلحکومت لاہور سمیت صوبہ بھر میں پولیوکے بڑھتے ہوئے واقعات کی روک تھام کے لئے آگاہی سیمینارمنعقدکیاگیا جس میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹرسابق کپتان انضمام الحق، سابق ٹیسٹ کرکٹر مشتاق احمد،صوبائی وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشد، رکن قومی اسمبلی شائستہ پرویزملک،پنجاب اسمبلی میں پاکستان پیپلز پارٹی کے پارلیمانی لیڈرحسن مرتضی،کمشنرلاہورڈاکٹرمجتبی پراچہ،ڈپٹی کمشنر لاہور صالحہ سعید،بادشاہی مسجد کے خطیب عبدالخبیرآزاد،مولاناطاہراشرفی، مولانازبیرزاہد،ایس ایس پی آپریشنز اسماعیل کھاڑک،لاہور پریس کلب کے صدر ارشد انصاری اور صحافیوںکی کثیرتعدادسمیت مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والی ممتاز سیاسی وسماجی شخصیات نے شرکت کی،صوبائی وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشدنے کہاکہ پولیوایک انتہائی خطرناک مرض ہے جس کا نتیجہ عمر بھر کی معذوری ہے اس بیماری کے سدباب میں حکومتی اقدامات کا ساتھ دیناتمام مکاتب فکرسے تعلق رکھنے والے افراد کا فرض ہے کیونکہ یہ بچے ہمارامستقبل ہیں اگر آج ہم نے اس پر توجہ نہ دی تو ہماراکل ہمیشہ کیلئے تاریک ہوجائے گا، دنیامیں صرف دو ممالک پاکستان اور افغانستان اس وائرس سے متاثرہیںاور اس کے خلاف جہاد میں ہم سب کو اپنی اپنی استطاعت کے مطابق حصہ ڈالناچاہیے،پاکستان کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹرانضمام الحق نے کہاکہ اگر ہم اپنی زندگیاں قرآن و سنت کی روشنی میں گزاریںتو بہت سی قباحتوں سے محفوظ رہ سکتے ہیں، پولیوبھی گندگی سے پھیلنے والامرض ہے جس کیلئے صفائی کو نصف ایمان کا حصہ سمجھتے ہوئے اپنے گھر کے اندراور اردگردصفائی کو یقینی بنائیں اور پولیو کے خلاف جاری حکومتی مہم کا حصہ بنیں تاکہ ہماراآج محفوظ ہواور کل روشن ہو، لاہور پریس کلب کے صدر ارشد انصاری نے کہاکہ پولیوکے خلاف قوم کو مل کر اتفاق و اتحاد کے ساتھ جنگ لڑناہوگی اور پولیوکے خاتمے کیلئے حکومتی مہمات کے ساتھ ساتھ ہم سب کو اجتماعی طورپرصفائی کے اعلی معیارکو اپنانا ہوگا،سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے مولانا طاہراشرفی اوردیگر علماء کرام نے کہاکہ پولیوکے قطروںمیں کوئی بھی غیر شرعی چیزشامل نہیں بلکہ یہ تو مسلمانوںکو اپنی حفاظت کیلئے قرآن و سنت کے احکامات کے عین مطابق ہے جس کے حق میں علماء کرام نے فتوے بھی جاری کئے ہیںلہذا تمام پاکستانیوںکو چاہیے کہ وہ بغیر کسی ہچکچاہٹ کے اس مہم کا حصہ بنیں اور جو اس مہم میں شامل نہیں ہوتااسے بھی اس کی اہمیت کا احساس دلاکراس مہم میں شامل کریں، تقریب سے شعبہ صحافت، کھیل، شوبز، سول سوسائٹی ، سیاسی وسماجی و مذہبی افراد نے خطاب کرتے ہوئے پولیوکو ایک جان لیوابیماری قراردیتے ہوئے کہاکہ یہ بیماری لگتی تو ایک بچے کو ہے مگر اس سے متاثر تمام معاشرہ ہوتاہے، اولاد بہت بڑی نعمت ہے اور ہم سب ان کی تربیت اور صحت کے ذمہ دار ہیں ہمیں اس میں بالکل کوتاہی نہیں کرنی چاہیے،زندگی کے تمام شعبہ جات میںتمام ترسیاست سے بالاترہوکرپاکستان کی ترقی اور خوشحالی میں کرداراداکرناچاہیے۔