بلوچستان اور گوادر کی ترقی ایک حقیقت ہے جسے کوئی جھٹلا نہیں سکتا

وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان

پیر 13 مئی 2019 00:00

کوئٹہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 مئی2019ء) وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے گوادر کے ہوٹل میں دہشت گردوں کے خلاف کامیاب آپریشن کی تکمیل پر اظہار اطمینان کرتے ہوئے دہشت گردوں کو کیفر کردار تک پہنچانے پر سیکیورٹی اداروں کو خراج تحسین پیش کیا ہے جبکہ وزیراعلیٰ نے دہشت گردی کی کاروائی میں پانچ شہریوں کی شہادت پر دکھ اور غم کا اظہارکیا ہے ۔

وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ ملک اور صوبے کی ترقی کے خلاف ہر سازش ناکام بنائیں گے بلوچستان اور گوادر کی ترقی ایک حقیقت ہے جسے کوئی جھٹلا نہیں سکتا۔انہوں نے کہا ہے کہ پاکستان کے دشمنوں کو اس کی ترقی گوارہ نہیں جسے روکنے کے لئے وہ بلوچستان میں دہشت گردی کو ہوا دیتے ہیں۔وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ بلوچستان کے محب وطن عوام دہشت گردوں اور ان کے سرپرستوں کو نفرت کی نگاہ سے دیکھتے ہیں عوام اپنی تقدیرکے خود مالک ہیں اور کوئی بھی باہر بیٹھ کر انکی قسمت کا فیصلہ نہیں کرسکتا۔

(جاری ہے)

وزیر اعلیٰ نے شہداء کے لواحقین سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار بھی کیا ہے۔دریں اثناء وزیراعلیٰ کی زیرصدارت گزشتہ شب منعقد ہونے والے اجلاس میں سیکیورٹی امور اور گوادر کے دہشت گردی کے واقعہ کے محرکات اور مختلف پہلوؤں کاجائیزہ لیا گیا سیکیورٹی حکام نے اجلاس کو بریفنگ دی۔وزیرداخلہ میر ضیاء لا نگو چیف سیکریٹری ڈاکٹر اختر نزیر سیکریٹری داخلہ اور آء جی پولیس سمیت دیگر متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔