پی آئی اے کا ہیڈ کوارٹرز کراچی سے اسلام آباد منتقل کرنے کا فیصلہ نہیں ہوا، وفاقی وزیر ہوابازی غلام سرور خان

پیر 13 مئی 2019 13:53

پی آئی اے کا ہیڈ کوارٹرز کراچی سے اسلام آباد منتقل کرنے کا فیصلہ نہیں ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 مئی2019ء) وفاقی وزیر ہوابازی غلام سرور خان نے کہا ہے کہ پی آئی اے کا ہیڈ کوارٹرز کراچی سے اسلام آباد منتقل کرنے کا فیصلہ نہیں ہوا، جو بھی فیصلہ ہو گا قومی مفاد اور پی آئی اے کی بہتری کے لئے ہو گا، دونوں ایوانوں سے رائے لی جائے گی۔ پیر کو ایوان بالا میں پی آئی اے کا ہیڈ کوارٹرز کراچی سے اسلام آباد نہ منتقل کرنے کے حوالے سے قرارداد پر اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ قرارداد پر بحث کے دوران بہت اچھی تجاویز سامنے آئی ہیں، ایک سروے رپورٹ بھی ہمارے سامنے موجود ہے، اس ادارے کو ہم نے بہتر بنانا ہے، ایمریٹس ایئر لائنز کی بنیاد پی آئی اے نے رکھی تھی لیکن وہ آج ہم سے بہت آگے ہیں، ماضی میں ہم نے ہر معاملے کو سیاست کی نذر کیا لیکن اب ایسا نہیں ہوگا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ دیکھا جائے تو شمالی علاقوں سے امریکہ، کینیڈا، برطانیہ، خلیجی ممالک اور دیگر ملکوں کے لئے مسافر زیادہ ہوتے ہیں، اس وقت پی آئی اے کے 12 ہزار مستقل اور 6 ہزار ڈیلی ویجز ملازمین ہیں، 70 افسران کو تبدیل کرنے سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔ انہوں نے کہا کہ پچھلے دس سال میں پی آئی اے کا خسارہ ہر سال بڑھا ہے لیکن ہماری حکومت کے دور میں تمام اشاریئے مثبت ہیں اور ادارہ بہتری کی طرف جا رہا ہے۔