پیپلز پارٹی جلد از جلد فاٹا کے عوام تک ترقی کے ثمرات پہنچانے کی خواہاں ہے

سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف کا قومی اسمبلی کے اجلاس میں اظہار خیال

پیر 13 مئی 2019 15:06

پیپلز پارٹی جلد از جلد فاٹا کے عوام تک ترقی کے ثمرات پہنچانے کی خواہاں ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 مئی2019ء) سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ پیپلز پارٹی جلد از جلد فاٹا کے عوام تک ترقی کے ثمرات پہنچانے کی خواہاں ہے‘ قومی اسمبلی کے اس ایوان کو مہنگائی‘ بیروزگاری اور ملک کے دیگر مسائل کے حل کے لئے بھی استعمال کیا جانا چاہیے۔

(جاری ہے)

پیر کو قومی اسمبلی میں دستور (ترمیمی) بل 2019ء بحث میں حصہ لیتے ہوئے سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی نے ہمیشہ فاٹا کے عوام اور اصلاحات کے لیے آواز بلند کی اور اپنا بھرپور کردار ادا کیا. انہوں نے کہا کہ ہم جلد از جلد فاٹا کی ترقی چاہتے ہیں۔

پورا پاکستان فاٹا کے عوام تک ترقی کے ثمرات جلد از جلد پہنچانے کا خواہاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ سابق وزیراعظم شہید ذوالفقار علی بھٹو نے فاٹا کے حوالے سے خصوصی کمیٹی قائم کی اور پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے بھی اپنے دور حکومت میں فاٹا کے عوام کے لیے بھرپور کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قومی اسمبلی کا یہ ایوان ملک کے 20 کروڑ عوام کی دانش گاہ ہے اسے مہنگائی‘ بیروزگاری اور ملک کے دیگر مسائل کے حل کے لئے بھی استعمال کیا جانا چاہیے۔