Live Updates

پاکستان ایک نئے عمرانی معاہدے کی طرف بڑھ رہا ہے‘

سابق فاٹا کے عوام کے شانہ بشانہ جدوجہد میں شامل ہوں گے قومی اسمبلی اجلاس مختلف سیاسی جماعتوں سے تعلق رکھنے والے ارکان کا اظہار خیال

پیر 13 مئی 2019 15:44

پاکستان ایک نئے عمرانی معاہدے کی طرف بڑھ رہا ہے‘
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 مئی2019ء) مختلف سیاسی جماعتوں سے تعلق رکھنے والے ارکان قومی اسمبلی نے سابق فاٹا کی قومی اور صوبائی اسمبلی کی نشستوں کے ازسر نو تعین کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ فاٹا کے تمام لوگوں کو برابر کا وفادار اور حقدار سمجھا جائے‘ پاکستان ایک نئے عمرانی معاہدے کی طرف بڑھ رہا ہے‘ فاٹا کے عوام کے شانہ بشانہ جدوجہد میں شامل ہوں گے۔

پیر کو قومی اسمبلی میں خیبرپختونخوا میں شامل ہونے والے قبائلی علاقہ جات میں اور صوبائی اسمبلیوں کی نشستوں کی تعداد میں اضافہ سے متعلق بل پر بحث کے دوران بی این پی مینگل کے رکن آغا حسن بلوچ نے کہا کہ ہم فاٹا کے عوام کے ساتھ ہیں۔ بلوچستان میں قومی اسمبلی کی جو نشستیں ہیں وہ بہت وسیع ہیں وہاں پر محرومیاں ہیں۔

(جاری ہے)

بلوچستان کی نشستوں کے حوالے سے بل لا رہے ہیں اس پر ہمیں حمایت درکار ہو گی۔

بلوچستان کے مسائل کا حل نکالنا ہوگا۔ خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ فاٹا کے عوام کو قومی دھارے میں لائے بغیر ملک ترقی نہیں کر سکتا۔ تمام لوگوں کو برابر کا وفادار اور برابر کا حقدار سمجھا جائے۔ پاکستان ایک نئے عمرانی معاہدے کی طرف بڑھ رہا ہے۔ہم فاٹا کے عوام کے ساتھ جدوجہد میں شریک ہوں گے۔ عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما امیر حیدر ہوتی نے کہا کہ فاٹا کے جو حالات گزرے ہیں وہ سب کے سامنے ہیں۔

وسائل دینے سے پہلے فاٹا کے عوام کو امن اور عزت دینا ہوگی۔ یہ بل کوئی بھی لے کر آتا تو ہم اس کی حمایت کرتے۔ وفاقی وزیر مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی نور الحق قادری نے کہا کہ آج ایوان نے سابق فاٹا کے عوام کے لئے ہمدردی اور حمایت کا جو پیغام دیا ہے وہ خوش آئند ہے۔ یہ پیغام فاٹا کے زخموں کو مندمل کرے گا۔ پاکستان تحریک انصاف ملک کی واحد جماعت ہے جس نے فاٹا کے مسائل کا پہلی بار ادراک کیا۔

اس وقت فاٹا کے عوام کے لئے عمران خان نے آواز اٹھائی۔ ڈرون حملوں اور آپریشنز کی روک تھام کے لئے جس شخص نے دلائل سے بات کی وہ شخصیت عمران خان تھے۔ انہوں نے کہا کہ بل کا مسودہ جب ہم وزیراعظم کے پاس لے کر گئے تو انہوں نے اس کی مکمل حمایت کی۔ وزیراعظم کے کہنے پر اپوزیشن سے بات چیت ہوئی۔ ہم تمام سیاسی جماعتوں کا شکریہ ادا کرنا چاہتے ہیں۔ انشاء اللہ اس اتفاق رائے سے ہم آئندہ بھی مسائل حل کریں گے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات