آئی ایم ایف معاہدہ کی خوفناکی آہستہ آہستہ تھیلے سے باہر آرہی ہے ‘لیاقت بلوچ

ڈالر ، بجلی ، گیس ، تیل اور مہنگا اور ٹیکسوں میں مزید اضافی بوجھ قومی معیشت کی جان نکال دے گا

پیر 13 مئی 2019 16:05

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 مئی2019ء) نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان اور سابق پارلیمانی لیڈر لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف معاہدہ کی خوفناکی آہستہ آہستہ تھیلے سے باہر آرہی ہے ، ڈالر ، بجلی ، گیس ، تیل اور مہنگا اور ٹیکسوں میں مزید اضافی بوجھ قومی معیشت کی جان نکال دے گا ،یہ حکومت کا بڑا جرم ہے کہ آئی ایم ایف سے مذاکرات اور معاہدہ عوام سے چھپایا جارہاہے ، آئی ایم ایف کے نمائندے ہی آئی ایم ایف سے معاملات کر رہے ہیں ، عمران حکومت بس عملدرآمد کی ڈیوٹی پر ہے ۔

منصورہ میں سیاسی جماعتوں کے نمائندہ وفد اورسابق بلدیاتی کونسلرز کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے لیاقت بلوچ نے کہاکہ12 مئی سانحہ کراچی پاکستان کی سیاسی تاریخ کا سیاہ ، بدقسمت اور وحشیانہ دن تھا ۔

(جاری ہے)

آمر اور دہشت گرد ہاتھوں میں ہاتھ ڈال کر انسانوں کے لاشے تڑپا رہے تھے ۔ آمر پرویز مشرف نے مکے لہرا کر جرم کا اعتراف کیا لیکن آج تک شہداء کے وارثوں کو انصاف نہیں مل سکا ۔

زرداری ، نواز کے بعد اب عمران حکومت بھی چپ سادھے ہوئے ہے ۔سانحہ بلدیہ اور سانحہ بارہ مئی نے ہی کراچی کے عوام کو ظلم کی طویل رات دی ۔ لیاقت بلوچ نے کہاکہ پنجاب میں قبل از وقت بلدیاتی اداروں کا توڑنا غیر جمہوری عمل ہے ۔ ہر بلدیاتی نظام کی تشکیل کے موقع پر حکمران دعوے دار ہوتے ہیں کہ مسائل عوام کی دہلیز پر حل ہوں گے لیکن جب سیاسی جمہوری حکومتوں کے نزدیک بلدیاتی ترجیح نہ ہو تو بے اختیار بلدیاتی نظام بے ثمر رہتاہے ۔ انہوںنے کہاکہ جماعت اسلامی بلدیاتی انتخابات کے انعقاد اور انتخابات میں فعال حصہ لے گی ۔