میانمار کے ایک ہوائی اڈے پر مسافر طیارے کی عقبی پہیوں پر ہنگامی لینڈنگ

لینڈنگ کے دوران رن وے پر جہاز کے نیچے سے دھواں اٹھتا رہا تاہم تمام مسافرمحفوظ ہیں،ایوی ایشن حکام

پیر 13 مئی 2019 16:52

رنگون(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 مئی2019ء) برما میں ایک طیارے میں پیدا ہونے والی فنی خرابی کے بعد پائلٹ نے طیارے کو اس کے صرف پچھلے پہیوں پر ہنگامی حالت میں اتار دیا تاہم ہنگامی لینڈنگ میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔غیرملکی خبر رساں اداروں کے مطابق برما میں ایک ہفتے کے دوران یہ اپنی نوعیت کا دوسرا واقعہ ہے۔ صرف پچھلے پہیوں پر لینڈنگ کرنے والے طیارے پر عملے سمیت 89 افراد سوار تھے۔

میانمار کی سول ایوی ایشن اتھارٹی کے مطابق سرکاری فضائی کمپنی کے طیارے کی لینڈنگ کے دوران اگلے پہیوں نے کام کرنا چھوڑ دیا جس کے بعد مانڈالائی ہوائی اڈے پر طیارے کو اس طرح ہنگامی انداز میں اتارا کہ جہاز کے صرف عقبی ٹائر ہی کام کررہے تھے۔مقامی وقت کے مطابق میانمار ایئرلائن کے مسافر طیارے کیساتھ یہ حادثہ مقامی وقت کے مطابق صبح نو بجے پیش آیا۔

(جاری ہے)

سول ایو ایشن اتھارٹی کے ڈپٹی ڈائریکٹر یی ھتوت اونگ نے کہاکہ پائلٹ نیطیارے کے اگلے پہیوں کو خود کار اور مینول طریقے سے چلانے کی بار بار کوشش کی مگر ٹائروں نیکام نہیں کیا جس کے بعد اس نے نہایت شاندار طریقے سے جہاز پچھلے پہیوں پر رن وے پر اتار دیا۔ انہوں نے کہاکہ اس حادثے کی تحقیقات شروع کردی گئیں۔عینی شاہدین کاکہنا تھا کہ لینڈنگ کے دوران رن وے پر جہاز کے نیچے سے دھواں اٹھتا رہا تاہم تمام مسافروں کو کسی قسم کے جانی نقصان سے بچالیا۔