سیاسی انتقام پر یقین نہیں رکھتے ، جہاں بھی قواعد کی خلاف ورزی ہوئی حساب لیں گے‘ چیئرمین پی اے سی ٹو

یاور بخاری کا دو سال سے پی اے سی کی ہدایات پر عمل نہ کرنے پر سخت برہمی کا اظہار ،کل رپورٹ طلب

پیر 13 مئی 2019 16:53

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 مئی2019ء) پنجاب اسمبلی پبلک اکائونٹس کمیٹی IIکا اجلاس چیئرمین یاور عباس بخاری کی صدارت میں منعقد ہوا جس میں لاہور میٹرو پراجیکٹ پر بریفنگ دی گئی ۔ اجلاس میں کمیٹی ممبران سعید اکبر نوانی، احد علی اولکھ، ملک احمد خان ، خواجہ سلمان رفیق و یگر اور متعلقہ اداروں کے افسران نے بھی شرکت کی ۔ چیئرمین یاور عباس نے دو سال سے پی اے سی کی ہدایات پر عمل نہ کرنے پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کل ( منگل ) کے روز رپورٹ طلب کر لی ۔

(جاری ہے)

چیئرمین یاور عباس بخاری نے کہا کہ اگر محکمے نے رپورٹ نہ پیش کی تو بتائیں گے کہ پی اے سی کس چڑیا کا نام ہے،جو محکمہ پی اے سی کی ہدایات اور فیصلوں میں تاخیری حربے استعمال کرے گا اس کا سختی سے سدباب کریں گے،پی اے سی کی ہدایت پر عمل نہ کرنے والوں کو مثال بنا دیں گے۔انہوںنے کہا کہ میٹرو کے آڈٹ پیراز موصول ہوچکے ہیں، ہم کسی شخصیت کے خلاف نہیں اور نہ ہی کسی سیاسی انتقام پر یقین رکھتے ہیں، جہاں بھی قواعد کی خلاف ورزی ہوئی ہے اس کا حساب لیں گے۔لاہور میٹرو بس منصوبے کے آڈٹ پیراز میں یہ بھی دیکھیں گے کہ کاسٹ 5فیصد سے نہ بڑھی ہو۔