اعلیٰ تعلیم کے فروغ کیلئے جامعہ کشمیر کا کلیدی کردار ہے،وائس چانسلرڈاکٹر کلیم عباسی

پیر 13 مئی 2019 17:51

مظفرآباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 مئی2019ء) معیاری تعلیم کے فروغ کیلئے جامعہ کشمیر کا کلیدی کردار ہے، آزاد کشمیر کے کالجز میں بی ایس پروگرام کے آغاز کیلئے یونیورسٹی الحاق شدہ کالجز کو ہر ممکن سپورٹ فراہم کرے گی، ہمیں دوردراز علاقوں سے تعلق رکھنے والے طلبہ کو بھی اعلیٰ تعلیم اور ریسرچ کے مواقع پیدا کرنا ہونگے۔کوشش کر رہے ہیں کہ جامعہ کشمیر سے حاصل ہونے والے علم کو آگے منتقل کیا جائے۔

ان خیالات کا اظہار آزاد جموں وکشمیر یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد کلیم عباسی نے جامعہ کشمیر شعبہ کوالٹی انہانسمنٹ سیل (QEC)کے زیر اہتمام کالجز کے اساتذہ کرام کیلئے منعقدہ 5روزہ تربیتی ورکشاپ کے اختتامی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

وائس چانسلرپروفیسر ڈاکٹرمحمد کلیم عباسی نے کہا کہ کوالٹی انہانسمنٹ سیل کی جانب سے کالج اساتذہ کی رہنمائی کیلئے انتہائی اہمیت کی حامل ورکشاپ اور تربیت سے اساتذہ بی ایس پروگرام کے آغاز کیلئے اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں گے۔

ورکشاپ کے انعقاد کا مقصد آزاد کشمیر کے تمام کالجز میں پڑھانے والے اساتذہ کرام کو بی ایس چار سالہ پروگرام سے روشناس کرانا اور بی ایس پروگرام کو بطریق احسن چلانا ہے،اس موقع پر ڈین فیکلٹی آف سائنسز پروفیسر ڈاکٹر محمد قیوم خان، ڈین فیکلٹی آف آرٹس پروفیسر ڈاکٹر عائشہ سہیل، ناظم اعلیٰ ہائر ایجوکیشن آزاد کشمیر پروفیسر ڈاکٹر خواجہ عبد الرحمن،ڈائر یکٹر کوالٹی انہانسمنٹ سیل سمیت جامعہ کشمیر کے ساتھ الحاق شدہ کالجز کے پرنسپل،اساتذہ کرام نے شرکت کی۔

ہائرایجوکیشن کمیشن کے ڈائر یکٹر جنرل لرننگ انوویشن فدا حسین، نیشنل یونیورسٹی آف ماڈرن لینگویجز (NUML) سے ڈاکٹر ساجد علی یوسف زئی اور فاطمہ جناح یونیورسٹی لاہور سے ڈاکٹر غلام بہلول نے ورکشاپ میں بطور ریسورس پرسن شرکاء کو تربیتی کورسز سے آگہی دی۔ ہائر ایجوکیشن کمیشن کی جانب سے ملک میں قبل ازیں پڑھائے جانے والے بی اے، بی ایس سی دو سالہ پروگرام کو ختم کیا جا رہا ہے، جبکہ اس کی جگہ بی ایس چار سالہ پروگرام اب کالجز میں بھی شروع ہونگے۔

ورکشاپ کے فوکل پرسن ڈائریکٹر کوالٹی انہانسمنٹ سیل پروفیسر ڈاکٹر محمد رفیق ، ڈپٹی ڈائر یکٹر عمران مقبول عباسی کی جانب سے کالجز اساتذہ کرام کو ورکشاپ کے مختلف سیشنز میں اہم معلومات مہیا کی گئیں، جبکہ مستقبل میں بھی ایسی ورکشاپ کے انعقاد کیلئے جامعہ کشمیر کی جاب سے مکمل تعاون کا اعلان کیا گیا۔