پاکستانی ہائی کمیشن لند ن میں یوم اقبال کی مناسبت سے ایک پُروقار تقریب کا انعقاد

پیر 13 مئی 2019 18:15

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 مئی2019ء) پاکستانی ہائی کمیشن برطانیہ کے زیراہتمام اردو مرکز لندن کے تعاون سے پاکستانی ہائی کمیشن میں یوم اقبال کی مناسبت سے ایک پُروقار تقریب کا انعقاد ہوا، جہاں برطانیہ کے مختلف شہروں سے آئے ہوئے ممتاز پاکستانی اہل علم اور دانش خواتین و حضرات نے شرکت کی۔ تعارفی کلمات اردو مرکز لندن کے چیئرمین ڈاکٹر جاوید شیخ نے ادا کئے۔

بعد ازاں برطانیہ میں پاکستان کے ہائی کمشنر محمد حفیظ زکریا نے خیرمقدمی خطاب کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے فکر اقبال کو اجاگر کرتے ہوئے اس کی اہمیت پر زور دیا اور پاکستان میں قومی زبان اردو کی ترویج اور فروغ کے سلسلے میں کئے جانے والے کاموں پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔ پاکستان کے ممتاز سکالر ڈاکٹر افتخار چوہدری نے اظہار خیال کرتے ہوئے اقبال کے مختلف پہلوئوں پر فکر انگیز گفتگو کی۔

اس موقع پر برطانیہ کے مختلف حصوں سے آنے والے شعراء نے شعری نشست میں اپنا کلام پیش کیا، جن میں عقیل دانش، فیضان عارف، محترمہ راحت زاہد اور دیگر شعراء نے اپنا کلام پیش کیا۔ بعد ازاں پاکستان سے آئے ادارہ فروغ قومی زبان کے ڈائریکٹر جنرل افتخار عارف نے خطبات اقبال پر گفتگو کی اور سامعین کی پُرزور فرمائش پر اپنا کلام پیش کیا۔