Live Updates

آئی ایم ایف نے پیپلز پارٹی اور نون لیگ کی معاشی حماقتوں سے پردہ اٹھا دیا،عمر سر فراز چیمہ

اقتدار سے نکالا جانا ہی شاید کافی نہیں، ملکی معیشت کی چولیں ہلانے والوں کیخلاف سنگین غداری کے مقدمے چلنے چاہیے، بیان

پیر 13 مئی 2019 18:38

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 مئی2019ء) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات عمر سرفراز چیمہ نے حزب اختلاف پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہاہے کہ آئی ایم ایف نے پیپلز پارٹی اور نون لیگ کی معاشی حماقتوں سے پردہ اٹھا دیا،اقتدار سے نکالا جانا ہی شاید کافی نہیں، ملکی معیشت کی چولیں ہلانے والوں کیخلاف سنگین غداری کے مقدمے چلنے چاہیے۔

ایک بیان میں عمر چیمہ نے کہاکہ آئی ایم ایف کے کمیونیکیشن ڈیپارٹمنٹ کی جاری کردہ پریس ریلیز نے تحریک انصاف کے مؤقف کی تصدیق کردی۔انہوںنے کہاکہ حزب اختلاف آئی ایم ایف کی پریس ریلیز میں اپنی حکومتوں کے چہرے دیکھے۔انہوںنے کہاکہ آئی ایم ایف کے بیان نے ثابت کردیا کہ دونوں جماعتوں نے ملکر پاکستانی معیشت کو تباہ کیا۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ روزِ اول سے کہتے آئے ہیں کہ دونوں جماعتوں نے اپنے اپنے مفاد کیلئے آئندہ نسلوں کو قرض کی دلدل میں جکڑا۔

انہوںنے کہاکہ مسلسل نشاندہی کی کہ پیپلز پارٹی اور نون لیگ نے جان بوجھ کر معاشی اصلاحات سے گریز کیا۔انہوںنے کہاکہ آئی ایم ایف بھی کہنے پر مجبور ہے کہ پاکستان کو نہایت کٹھن معاشی صورتحال کا سامنا ہے۔انہوںنے کہاکہ آئی ایم ایف نے تسلیم کیا کہ گزشتہ حکومتوں کی ناہموار پالیسیوں کے باعث معاشی ترقی سست روی کی شکار ہے۔انہوںنے کہاکہ آئی ایم ایف نے اعتراف کیا کہ حالیہ برسوں کے ناقص معاشی فیصلوں کے باعث افراطِ زر بلند، قرض نہایت زیادہ اور بیرونی صورتحال بے حد کمزور ہے۔

انہوںنے کہاکہ کیا ابہام باقی ہے کہ معاشی ڈھانچے کو کھوکھلا بنا کر شرح نمو بڑھانے کے جھوٹے دعوے کئے گئے۔انہوںنے کہاکہ دونوں جماعتوں نے جان بوجھ کر اداروں کو کمزور کیا تاکہ خود پانامہ اور جعلی اکاؤنٹس جیسے ڈاکے ڈال سکیں۔انہوںنے کہاکہ پاکستان کو معاشی تباہی کے حوالے کرنے والے شخص کو نون لیگی وزیراعظم نے اپنے جہاز میں ملک سے فرار کروایا۔انہوںنے کہاکہ اقتدار سے نکالا جانا ہی شاید کافی نہیں، ملکی معیشت کی چولیں ہلانے والوں کیخلاف سنگین غداری کے مقدمے چلنے چاہئے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات