قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ، محصولات و اقتصادی امور کا اجلاس ،

رکن قومی اسمبلی اسد عمر کو کمیٹی کا متفقہ طور پرچیئرمین منتخب کر لیا گیا

پیر 13 مئی 2019 20:09

قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ، محصولات و اقتصادی امور کا اجلاس ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 مئی2019ء) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ، محصولات و اقتصادی امور کے اجلاس میں رکن قومی اسمبلی اسد عمر کو کمیٹی کا متفقہ طور پر چیئرمین منتخب کر لیا گیا۔ اس سلسلے میں قائمہ کمیٹی کا اجلاس پیر کو یہاں پارلیمنٹ ہائوس میں منعقد ہوا۔ خصوصی سیکرٹری قومی اسمبلی سیکریٹریٹ نے کمیٹی اراکین کا خیر مقدم کیا اور چیئرمین کے انتخاب کے طریقہ کار پر بریفنگ دی۔

سید نوید قمر نے رکن قومی اسمبلی اسد عمر کا نام کمیٹی کے چیئرمین کے طور پرتجویز کیا جبکہ سردار نصراللہ خان دریشک نے ان کے نام کی تائید کی۔اس طرح اسد عمر قائمہ کمیٹی برائے خزانہ، محصولات و اقتصادی امورکے متفقہ طور پر چیئرمین منتخب ہو گئے۔ خصوصی سیکرٹری قومی اسمبلی سیکریٹریٹ نے نو منتخب چیئرمین کو اسپیکر قومی اسمبلیاور سیکرٹری قومی اسمبلی کی جانب سے مبارکباد پیش کی اور کمیٹی کے موئثر اور فعال کام کے لئے بھر پور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

(جاری ہے)

نو منتخب چیئرمین قائمہ کمیٹی نے اپنے اوپر اعتماد کے اظہار پر تمام اراکین کا شکریہ ادا کیا اور یقین دلایا کہ وہ کمیٹی کے فرائض کو افہام وتفہیم کے ساتھ چلائیں گے۔کمیٹی کے اراکین نے بھی چیئرمین کے لئے تعریفی کلمات ادا کرتے ہوئے قانون سازی کے عمل میں اپنے بھر پور تعاون کا یقین دلایا۔ اجلاس میں اراکین قومی اسمبلی رضا نصراللہ ، فیض اللہ، مخدوم سمیع الحسن گیلانی، سردار نصراللہ خان دریشک، فہیم خان، آفتاب حسین صدیقی، محمد اسرار ترین، علی پرویز، ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا، مس نفیسہ شاہ، سید نوید قمر اور حنا ربانی کھر کے علاوہ قومی اسمبلی سیکرٹیریٹ کے سینئر افسران نے شرکت کی۔