سابق وزیرِ اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کیجانب سے شاہ عبداللطیف یونیورسٹی خیرپور میں اسکالرشپ کے چیک تقسیم

پیر 13 مئی 2019 20:15

سابق وزیرِ اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کیجانب سے شاہ عبداللطیف یونیورسٹی ..
سکھر۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 مئی2019ء) سابق وزیرِ اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے شاہ عبداللطیف یونیورسٹی خیرپور کے طلبہ و طالبات کے درمیان اسکالرشپ کے چیک تقسیم کیئے،جاری کردہ اعلامیہ کیمطابق تقریب کا انعقاد یونیورسٹی کے علامہ آئی آئی قاضی ہال میں کیا گیا جس کی صدارت یونیورسٹی کی وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر پروین شاہ نے کی، تقریب میں یونیورسٹی کے تمام تدریسی شعبہ جات کے 237طلبہ و طالبات میں36000/= روپے فی طالبعلم کے حساب سے اسکالرشپ دی گئی، یہ اسکالرشپ سندھ حکومت کے محکمہ اوقاف، مذہی امور اور زکوة و عشر کی جانب سے دی گئی ہے، اور یہ سال 2009کے بعد پہلی بار ہوا ہے کہ شاہ عبداللطیف یونیورسٹی خیرپور کے طلبہ و طالبات کو 8.5ملین روپے کی اسکالرشپ دی جارہی ہے، اس موقع پر سید قائم علی شاہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اٹھارویں آئینی ترمیم کے بعد محکمہ زکوة و عشر صوبوں کو مل گیا ہے، انہوں نے کہا کہ اس محکمے کے تحت صوبہ سندھ کے لاکھوں غریب اور نادار لوگوں میں لاکھوں روپے تقسیم کیئے جا چکے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے طلبہ و طالبات پر زور دیا کہ وہ اپنی تعلیم کو وقت دیں اور ملک و قوم کی بھلائی کیلئے دل لگا کر محنت کریں۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر پروین شاہ نے تعلیمی اداروں کی عموماً اور شاہ عبداللطیف یونیورسٹی خیرپور کی خصوصی سرپرستی کرنے پر سید قائم علی شاہ کو سراہا۔ انہوں نے یونیورسٹی کے مالی خسارے کا کیس سید قائم علی شاہ کے سامنے رکھتے ہوئے ان سے یونیورسٹی کیلئے بیل آئوٹ پیکج دلوانے کی درخواست کی، انہوں نے کہا کہ تمام تر مشکلات کے باوجود یونیورسٹی اپنے طلبہ و طالبات کو معیاری تعلیم فراہم کررہی ہے، اس موقع پر سید قائم علی شاہ نے یونیورسٹی کے علامہ آئی آئی قاضی ہال کیلئے 10ائیر کنڈیشن دینے کا اعلان کیا اس کے علاوہ یونیورسٹی کی ہائوسنگ سوسائٹی کی روڈ اور نکاسی کی اسکیم میں بھی تعاون کا یقین دلایا۔

اس موقع پر چیئرمین ضلعی زکوة کمیٹی حاجی محمد نظیر سومرو نے بھی خطاب کیا اور طلبہ و طالبات کو اپنے بھرپعور تعاون کی یقین دہانی کروائی، میریٹوریس پروفیسر ڈاکٹر محمد یوسف خشک پرووائیس چانسلر نے اظہار تشکر کرتے ہوئے طلبہ و طالبات کو کہا کہ یونیورسٹی میں بہت سی اسکالرشپ موجود ہیں لہذا طلبہ و طالبات ان نادر مواقع سے فائدہ اٹھائیں، تقریب میں اساتذہ، محققین، طلبہ و طالبات، و دیگر نے شرکت کی۔